افغانستان:غزنی پر بھی طالبان کا قبضہ
کابل،12اگست (انڈیا نیرٹیو)
افغانستان میں جنگ کے بادل مزید گہرے ہو تے جا رہے ہیں۔طالبان کی پیش قدمی جاری ہے۔افغانستان حکومت کے ہاتھوں سے دھیرے دھیرے نکلتا جا رہا ہے۔خبر ہے کہ ایک اور اہم صوبائی دارالحکومت غزنی پر بھی طالبان کا قبضہ ہو گیا ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق افغانستان میں طالبان کی پیش قدمی جاری ہے اور غزنی طالبان کے قبضے میں جانے والا 10واں صوبائی دارالحکومت بن گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ غزنی کے نواح میں طالبان اور افغان سیکیورٹی فورسزکے درمیان ابھی بھی لڑائی جاری ہے۔
دوسری جانب شبرغان ایئرپورٹ کا کنٹرول بھی طالبان کے قبضے میں چلا گیا، حکومتی فورسز نے ہرات میں طالبان کو پیچھے دھکیل دیا ہے جبکہ طالبان نے زیر قبضہ شہروں میں جیلوں سے ایک ہزار سے زائد قیدیوں کوآزاد کرا دیا جس میں 200 طالبان بھی شامل ہیں۔
طالبان نے قندوز ائیرپورٹ اور فوجی ہیڈکوارٹر پر قبضہ کرلیا
طالبان نے افغان شہر قندوز کے ائیرپورٹ اور فوجی ہیڈکوارٹر پر قبضہ کرلیا ہے۔افغان میڈیا کے مطابق صوبے فرح، بدخشاں اور بغلان سے افغان افواج کے انخلا کے بعد اب طالبان نے نہ صرف قندوز ائیرپورٹ بلکہ وہاں قائم افغان فوج کی کور پامیر 217 کے ہیڈکوارٹر کو بھی قبضے میں لے لیا ہے، سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ افغان فوجی طالبان کے آگے ہتھیار ڈال رہے ہیں، اس کے علاوہ طالبان نے قندوز میں فوجی ہیلی کاپٹر کو بھی قبضے میں لیا ہے۔
افغان حکام کے مطابق ضلع فرخار میں سیکورٹی فورسز کو طالبان کے ہاتھوں بھاری جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے جب کہ صوبے بدخشاں میں صورتحال انتہائی خراب ہے، سرکاری گاڑیوں کو لوٹ کر نامعلوم مقام پر منتقل کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ صرف 5 روز کے دوران طالبان 34 میں سے 9 صوبائی دارالحکومتوں پر قبضہ کرچکے ہیں جب کہ طالبان کی پیش قدمی کو روکنے میں ناکامی پر صدر اشرف غنی نے آرمی چیف عبدالولی احمد زئی کو عہدے سے ہٹا کر ان کی جگہ جنرل ہیبت اللہ علی زئی کو نیا آرمی چیف مقرر کردیا ہے۔
طالبان آئندہ 90 دن میں افغانستان کا مکمل کنٹرول حاصل کرسکتے ہیں: امریکی انٹیلی جنس
امریکی انٹیلی جنس ادارے کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ طالبان 90 روز میں افغان سیکورٹی فورسز کو ہر محاذ پر شکست دیکر دارالحکومت پر قابض ہوسکتے ہیں۔میڈیا ذرائع کے مطابق امریکی انٹیلی جنس ادارے نے طالبان کی موجودہ استعداد اور تیزی سے جاری فتوحات کو دیکھتے ہوئے اپنی رپورٹ میں تخمینہ لگایا ہے کہ طالبان 90 روز کے اندر افغان دارالحکومت کا کنٹرول بھی حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ طالبان نے صرف 5 روز میں افغانستان کے ایک چوتھائی صوبائی دارالحکومتوں پر قبضہ کرلیا ہے اور اسی تیزی سے پیش قدمی جاری رہی تو آئندہ 30 دنوں میں طالبان افغان حکومت کو کابل تک محدود کرسکتے ہیں۔
امریکی انٹیلی جنس ادارے نے رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ ٓا ئندہ طالبان 90 روز میں حکومتی فورسز سے کابل کا کنٹرول بھی حاصل کرلیں گے اور اس طرح پورے ملک میں اپنی عمل داری قائم کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔امریکی انٹیلی جنس کی رپورٹ اس وقت منظر عام پر آئی ہے جب صدر جوبائیڈن نے اپنے ایک بیان میں واضح کیا ہے کہ افغانیوں کو اپنی جنگ خود لڑنی ہوگی۔ افغان فوج تعداد میں طالبان سے زیادہ ہیں اس لیے انھیں خود کو لڑنے کے لیے تیار کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ محض 5 دنوں میں طالبان نے نمروز، جوزجان، قندوز، تخار، فراہ، سرپل، بدخشاں، بغلان اور پل خمری کا کنٹرول حاصل کرلیا ہے اور اہم شہر مزار شریف کے نزدیک پہنچ چکے ہیں۔