Urdu News

کینیڈا میں ہندو مندر پر حملہ، توڑپھوڑ کے بعد بھارت مخالف نعرے لگے

کینیڈا میں ہندو مندر پر حملہ

اوٹاوا، 6 اپریل (انڈیا نیرٹیو)

 کینیڈا میں ہندو مندروں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ اس بار ونڈسر میں ایک ہندو مندر پر حملہ کرکے  وہاں توڑ پھوڑ کی گئی۔ نقاب پوش حملہ آوروں نے مندر کی دیواروں پر بھارت مخالف نعرے بھی لکھے۔

معلومات کے مطابق یہ حملہ ونڈسر کے شری سوامی نارائن مندر میں ہوا ہے۔ مندر میں توڑ پھوڑ کی گئی اور نقصان پہنچایا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی مندر کی دیواروں پر بھارت اور وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف قابل اعتراض نعرے لکھے گئے ہیں۔ خیال کیا جاتا ہے کہ یہ واقعہ خالصتان کے حامیوں نے انجام دیا ہے کیونکہ مندر کی دیواروں پر خالصتان کے حق میں نعرے کے ساتھ بھارت مخالف نعرے بھی لکھے گئے ہیں۔

مندر انتظامیہ نے ونڈسر میں شری سوامی نارائن مندر کو نشانہ بنائے جانے پرحیرانی کا اظہار کیا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا کہ مندر کی دیواروں پر بھارت مخالف نعرے دیکھ کر حیرت ہوئی۔ واقعے کی اطلاع مقامی پولیس کو فوری کارروائی کے لیے دی گئی ہے۔

ونڈسر پولیس نے حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی ویڈیو جاری کر دی ہے۔ پولیس کے مطابق، مقامی وقت کے مطابق رات 11 بجے سے 1 بجے کے درمیان، کچھ حملہ آور ونڈسر کے نارتھ وے ایونیو کے 1700 بلاک میں واقع ہندو مندر میں پہنچے۔ رات 12 بجے کے قریب سی سی ٹی وی ویڈیو فوٹیج میں دو حملہ آور دکھائی دے رہے ہیں۔ ان میں سے ایک مندر کی دیوار میں توڑ پھوڑ کر رہا ہے اور دوسرا پہرہ دے رہا ہے۔ واقعے کے وقت ملزم نے کالی پینٹ پہن رکھی تھی، سیاہ سویٹر جس پر سفید لوگو نظر آرہا تھا۔ حملہ آوروں نے مندر کی دیواروں پر بھارت مخالف نعرے بھی لکھے۔ پولیس دونوں مشتبہ حملہ آوروں کی تلاش کر رہی ہے۔

Recommended