Urdu News

اسرائیل میں احتجاج کی کال کے بعد پولیس نے ملک میں ہنگامی حالت کا کیا اعلان

اسرائیل میں احتجاج کی کال کے بعد پولیس نے ملک میں ہنگامی حالت کا کیا اعلان

تل ابیب ،12جولائی (انڈیا نیرٹیو)

اسرائیل میں عدالتی نظام میں نام نہاد اصلاحات اور ججوں کے اختیارات کم کرنے سے متعلق حکومتی قانون سازی کے خلاف احتجاج کرنے والے رہ نماؤں نے   ’یوم الغضب اور مزاحمت‘ کا اعلان کیا۔ دوسری طرف اسرائیلی پولیس نے ملک بھرمیں یوم مزاحمت کے موقعے پر ہائی الرٹ کیا ہے۔

تمام اہم مقامات پر پولیس کی نفری بڑھا دی گئی ہے اور بن گوریون ہوائی اڈے کی طرف جانے والے راستوں کو سیل کردیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ ’یوم مزاحمت‘ کے موقعے پر پوری طرح چوکس ہے اور کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

  ذرائع  کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس کوبی شبتائی نے مظاہرین کو احتجاج کرنے کی اجازت دینے کی ہدایات دی ہیں، لیکن ساتھ ہی ہر اس مظاہرے کو سختی سے کچلنے کی بھی ہدایت کی ہے جس کی وجہ سے معمولات زندگی متاثر ہوسکتے ہیں۔

ایسے مظاہرے جو مرکزی شاہراؤں کوبند کریں اور بندرگاہوں میں رخنہ اندازی کریں انہیں کچل دیا جائے گا۔ انہوں نے سنٹرل ڈسٹرکٹ پولیس سے کہا کہ وہ گذشتہ ہفتے کے بین گوریون ہوائی اڈے پر ہونے والے پرتشدد مظاہروں کودہرانے کی اجازت نہ دیں جس کی وجہ سے سڑکیں بند ہوئیں اور پروازوں میں تاخیر ہوئی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ ہوائی اڈے پر سکیورٹی حکام کو ایسے لوگوں کو ٹرمینل 3 سے ہٹانا چاہیے جن کے پاس سفری ٹکٹ نہیں ہیں، ٹرمینل 3 کے سامنے مظاہرین کے لیے جگہ کا تعین کریں اور انہیں دوسرے علاقوں تک پھیلانے سے روکیں۔ پولیس نے خبردار کیا کہ جو مظاہرین سڑکوں کو بلاک کرنے یا دیگر گڑبڑ میں ملوث ہو کر احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہیں انہیں حراست میں لیا جائے گا۔

Recommended