یہ طیارہ مغربی بنگال کے ہاسیمارا ایئربیس کے دوسرے اسکواڈرن میں رکھا جائے گا
مشرقی خطے کے سکم اور اروناچل پردیش میں فضائیہ کے جنگی قوت میں اضافہ ہو گا
نئی دہلی ، 19اپریل (انڈیا نیرٹیو)
ایئر چیف مارشل آر کے ایس بھدوریا تین روزہ دورے پر 20 اپریل کو فرانس جائیں گے۔21 اپریل کو ، وہ فرانس کے میریگینک۔بورڈو ایئر بیس سے ہندوستان کے لیےچھ رافیل لڑاکا طیارے کوہری جھنڈی دکھائیں گے۔
یہ طیارے مغربی بنگال کے ہاسیمارا ایئر بیس پر رافیل جیٹ کے لیے قائم دوسرے اسکواڈرن میں تعینات ہوں گے۔ اس کے بعد ، مشرقی خطے میں سکم اور اروناچل پردیش میں کسی بھی طرح کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے فضائیہ کی فورس میں اضافہ کیا جائے گا۔ اب تک 14 رافیل ہندوستان آئے ہیں اور وہ ہندوستانی فضائیہ کے بیڑے کا حصہ بن چکے ہیں۔
فرانسیسی کمپنی داسالٹ ایوی ایشن کی جانب سے 2016 میں آرڈر کیے گئے 36 رافیل لڑاکا طیاروں میں سے 21 رافیل کو فرانس نے ہندوستانی فضائیہ کے حوالے کیا ہے ، ان میں سے 14 اب تک ہندوستان پہنچ چکے ہیں۔ بقیہ سات طیارے ایئر فورس کے پائلٹوں کی تربیت کے لیے فرانس میں تعینات ہیں۔ ان میں سے چھ رافیل کیلئے تین روزہ دورے پر ایئر فورس کے چیف آر کے ایس بھدوریا ہندوستان سے فرانس روانہ ہوچکے ہیں۔
چھ رافیل 28 اپریل کو ہندوستان کے لئے پرواز کرنے والے تھے ، لیکن ایئر چیف مارشل بھدوریا کے دورے کی وجہ سے یہ پروگرام ایک ہفتہ پہلے طے ہوا تھا۔ ایئر چیف مارشل بھدوریا کے دورہ فرانس کے دوران ہی داسالٹ کمپنی پائلٹوں کی اگلی کھیپ کی تربیت کے لیے 4-5 مزید رافیل فرانس کے حوالے کرے گی۔
اپنے دورے کے دوران ، ایئر چیف بھدوریا ایک فرانسیسی رافیل اسکواڈرن کا دورہ کریں گے۔ وہ اپنے ہم منصب فلپ لایوگن سے ملاقات کریں گے اور پیرس میں قائم اسپیس کمانڈ کا بھی دورہ کریں گے۔
فضائیہ کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ ان چھ طیاروں کی آمد کے بعد ہندوستان کے پاس 20 کثیر الجہات رافیل جیٹ طیارے ہوں گے۔ یہ تمام چھ لڑاکا طیارے فرانس سے پہلے اسکواڈرن ، امبالا ایئر بیس کے لیے اڑان بھریں گے ، جہاں یہ لڑاکا طیارے دوسرے اسکواڈرن کے لیے تیار کیے جائیں گے۔