مالی سال 2022-23 میں امریکہ کے ساتھ ہندوستان کی تجارت میں 8 فیصد اضافہ ہوا ہے
مالی سال 2022-23 میں ہندوستان کی امریکہ کے ساتھ سب سے زیادہ تجارت ہوئی ہے۔ ہندوستان اور امریکہ کے درمیان دو طرفہ تجارت تقریباً آٹھ فیصد بڑھ کر 128.55 بلین ڈالر ہو گئی، جو کہ مالی سال 2021-22 میں 119.5 بلین ڈالر تھی۔ اس دوران دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی چین اس معاملے میں دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔
وزارت تجارت اور صنعت کے عارضی اعداد و شمار کے مطابق، مالی سال 2022-23 میں ہندوستان اور امریکہ کے درمیان باہمی تجارت 7.65 فیصد بڑھ کر 128.55 بلین ڈالر تک پہنچنے کی امید ہے۔ اس سے قبل گزشتہ مالی سال 2021-22 میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت 119.5 بلین ڈالر تھی جب کہ مالی سال 2020-21 میں یہ صرف 80.51 بلین ڈالر تھی۔
اعداد و شمار کے مطابق، مالی سال 2022-23 کے دوران بھارت سے امریکہ کو برآمدات 2.81 فیصد بڑھ کر 78.31 بلین ڈالر تک پہنچ گئیں جو کہ مالی سال 2021-22 میں 76.18 بلین ڈالر تھیں۔
اس کے ساتھ ہی اس عرصے کے دوران ہندوستان میں امریکہ سے درآمدات بھی 16 فیصد بڑھ کر 50.24 بلین ڈالر تک پہنچ گئیں۔ دوسری طرف، ہندوستان-چین تجارت مالی سال 2022-23 میں 1.5 فیصد کم ہو کر 113.83 بلین ڈالر رہنے کی توقع ہے جو پچھلے مالی سال 2021-22 میں 115.42 بلین ڈالر تھی۔
وزارت کے مطابق مالی سال 2022-23 کے دوران بھارت سے چین کو برآمدات 28 فیصد کم ہو کر 15.32 بلین ڈالر رہ گئی ہیں۔تاہم اس عرصے کے دوران چین سے درآمدات 4.16 فیصد بڑھ کر 98.51 بلین ڈالر تک پہنچ گئیں۔