Urdu News

امریکہ کا فلسطین اسرائیل کشیدگی کم کرنے پر زور،نیتن یاہو کا انکار

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو

تل ابیب،10مئی (انڈیا نیرٹیو)

وائٹ ہاوس نےکہا ہے کہ اس کی فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پرکل منگل کو ہونے والے اسرائیلی فضائی حملوں اور ان کے نتیجے میں اسلامی جہاد تحریک کے رہ نماوں کی ہلاکت پر گہری نظر ہے۔وائٹ ہاوس کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ ان اطلاعات سے آگاہ ہیں کہ حملوں میں دس عام شہریوں کی افسوسناک اموات ہوئی ہیں۔

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے تمام محاذوں پر جوابی کارروائی کا عزم کیا ہے۔وائٹ ہاوس نے غزہ میں کشیدگی کے بعد تمام فریقین سے کشیدگی کو روکنے اور تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا۔ تاہم ساتھ ہی امریکا نے حسب روایت اسرائیل کے دفاع کے حق کی حمایت کی ہے۔

واضح رہے کہ کل منگل کو غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی غزہ کی پٹی پر بمباری میں خواتین اور بچوں سمیت 15 افراد مارے گئے تھے۔ جاں بحق ہونے والوں میں اسلامی جہاد کےعسکری ونگ سرایا القدس کے تین سینیر بھی شامل ہیں۔امریکی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان نے کہا کہ “ہم تمام فریقین سے کشیدگی کو روکنے کا مطالبہ کرتے ہیں”۔

اسرائیلی فوجی آپریشن میں عام شہریوں کی ہلاکتوں کا حوالہ دیتے ہوئے ترجمان نے اسرائیل کے ساتھ امریکا کی “غیر متزلزل” حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کو حق حاصل ہے کہ وہ خود کو اور اپنے لوگوں کو دہشت گرد گروہوں کےراکٹ حملوں سے محفوظ رکھے”۔

منگل کی سہ پہر اسرائیل نے جنوبی غزہ کی پٹی میں خان یونس کے مشرق میں توپ خانے سے گولہ باری کی۔اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے جنوبی غزہ میں ایک سیل کو نشانہ بنایا جو ٹینک شکن میزائل داغنا چاہتا تھا۔

Recommended