Urdu News

فلسطینی درخواست پر عرب لیگ کا ہنگامی اجلاس طلب

فلسطینی درخواست پر عرب لیگ کا ہنگامی اجلاس طلب

فلسطینی درخواست پر عرب لیگ کا ہنگامی اجلاس طلب

قاہرہ،09مئی (انڈیا نیرٹیو)

فلسطینی درخواست پر عرب لیگ کا ہنگامی اجلاس کل طلب کرلیا گیا۔سعودی میڈیا کے مطابق قطر کی زیرِ صدارت عرب لیگ کا اجلاس قاہرہ میں ہوگا۔اجلاس میں مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیل کے جارحانہ اقدامات پر تبادلہ خیال ہوگا۔واضح رہے کہ جمعے کے روز سینکڑوں فلسطینی مسجد اقصیٰ کے ارد گرد پہاڑی کے احاطے میں نماز جمعہ کے لیے اکٹھے ہوئے جس کے بعد بہت سے لوگ شہر میں بے دخلی کے خلاف احتجاج کے لیے وہیں موجود رہے لیکن افطار کے بعد مسجد اقصیٰ میں اور شیخ جراح کے قریب چھوٹی چھوٹی جھڑپیں شروع ہوئیں جو قدیم شہر کے مشہور دمشق گیٹ کے قریب ہے۔

پولیس نے بکتر بند گاڑیوں پر نصب واٹر کینن کا استعمال کئی سو مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے کیا جو ممکنہ بے دخلی کا سامنا کرنے والے خاندانوں کے گھروں کے قریب جمع تھے۔جمعے کے روز مسجد الاقصیٰ پر فلسطینی نوجوانوں کی جانب سے اسرائیلی پولیس پر پتھراؤیا گیا جب کہ اسرائیلی پولیس نے فلسطینیوں کے خلاف ربر کی گولیوں اور اسٹن دستی بموں کا استعمال کیا۔ ان جھڑپوں میں مجموعی طور پر 205 فلسطینی اور 17 اسرائیلی پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

مصر کا اسرائیل سے رابطہ، القدس میں کشیدگی کم کرنے پر زور

العربیہ ٹی وی چینل ذرائع کے مطابق مصر نے اسرائیل کے ساتھ سکیورٹی سطح پر رابطہ کرکے مقبوضہ بیت المقدس میں جاری کشیدگی اور فلسطینیوں کے گھروں کی غیر قانونی مسماری روکنے پر زور دیا ہے۔ذرائع کے مطابق مصری حکومت نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ موجودہ حالات کے پیش نظر القدس میں یہودی آباد کاری، توسیع پسندی اور فلسطینیوں کے گھروں کی غیر قانونی مسماری روکے ورنہ فلسطین میں ایک نئی تحریک انتفاضہ شروع ہو سکتی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مصری سکیورٹی حکام نے فلسطینی تحریکوں پر بھی زور دیا ہے کہ وہ موجودہ کشیدگی میں کمی لانے کےلیے اقدامات کریں۔

مصر نے بیت المقدس میں جاری کشیدگی میں کمی لانے کے لیے سکیورٹی سطح پر بات چیت اور رابطے جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔خیال رہے کہ دو روز قبل مقبوضہ بیت المقدس میں الشیخ جراح کے مقام پر فلسطینیوں کے گھروں کی مسماری کے خلاف سیکڑوں فلسطینی سڑکوں پر نکل آئے تھے۔ اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی شہریوں پر براہ راست گولیاں چلائیں اور طاقت کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں 175 فلسطینی زخمی ہو گئے تھے۔ مشتعل مظاہرین کے جوابی حملوں میں اسرائیلی پولیس کے چھ اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔فلسطینی اتھارٹی نے ان حملوں کی ذمہ داری اسرائیل پر عاید کرتے ہوئے اسے موجودہ حالات کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔

مصر وزارت خارجہ نے ایک بیان میں مسجد اقصیٰ میں فلسطینی نمازیوں پر اسرائیلی فوج کے ہونے والے حملوں اور الشیخ جراح میں فلسطینی مظاہرین کےخلاف کریک ڈاؤن کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ نہتے فلسطینیوں کے خلاف طاقت کے استعمال کے مکروہ ہتھکنڈے بند کرے۔وزارت خارجہ کے ترجمان احمد حافظ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مشرقی بیت المقدس میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی فوج کے اقدامات ناقابل قبول ہیں۔ مصر برادر فلسطینی قوم کے آئینی اور قانونی حقوق کی حمایت جاری رکھے گا اور فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کے طاقت کے استعمال کی مخالفت کرتا رہے گا۔

Recommended