دوطرفہ دفاعی تعاون کو بڑھانے اور مضبوط بنانے کے لیے فوجی حکام سے بات چیت ہوئی
ڈیفنس سروس کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج میں سیکورٹی کے تناظر میں لیکچر دیا
آرمی چیف کا عہد ہ سنبھالن کے بعد پہلے غیر ملکی دورے پر گئے جنرل منوج پانڈے نے منگل کے روز بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ سے اخلاقی ملاقات کی۔ انہوں نے ڈیفنس سروس کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج میرپور کا دورہ کیا اور مسلح افواج کے وارفیئر کورس کے طلبا افسران اور فیکلٹی کے لیے سیکورٹی کے تناظر میں لیکچر دیا۔ جنرل پانڈے نے بنگلہ دیش کے فوجی حکام سے ملاقات کی اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو بڑھانے اور مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
ہندوستانی فوج کے سربراہ جنرل منوج پانڈے اپنے بنگلہ دیشی ہم منصب جنرل ایس ایم شفیع الدین احمد کی دعوت پر تین روزہ دورے پر ڈھاکہ میں ہیں۔ انہوں نے منگل کے روزوزیر اعظم شیخ حسینہ سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان فوجی دفاعی تعاون کے امور پر بذات خود تبادلہ خیال کیا۔ وہ آج ڈیفنس سروسز کمانڈ اینڈا سٹاف کالج میرپور گئے اور وہاں کے طلبا اور فیکلٹی سے خطاب کیا۔ اس کے بعد انہوں نے بنگلہ دیش انسٹی ٹیوٹ آف پیس سپورٹ اینڈ ٹریننگ آپریشنس(بی آئی پی ایس اوی ٹی) کا دورہ کیا اور ممبران سے بات چیت کی۔ بنگلہ دیش کا یہ اہم ادارہ اقوام متحدہ کے مختلف امن مشنوں میں ملازمت کے لیے امن فوجیوں کو تربیت دیتا ہے۔
پیر کے روز اپنے پہلے دورے کے پہلے دن انہوں نے بنگلہ دیش کے اعلیٰ فوجی کمانڈروں سے ملاقات کی۔ جنرل منوج پانڈے نے بنگلہ دیش کے وزیر اعظم کے سلامتی کے مشیر میجر جنرل طارق احمد صدیقی (ریٹائرڈ) سے ملاقات کرکے بنگلہ دیش اور ہندوستان کے درمیان دفاعی تعلقات کو آگے بڑھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ جنرل منوج پانڈے نے بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ایم شاہین اقبال چیف آف نیول اسٹاف، بنگلہ دیش بحریہ اور ایئر وائس مارشل ایم شفیق العالم، اسسٹنٹ چیف آف ایئر اسٹاف (آپریشنس) بنگلہ دیش ایئر فورس سے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
جنرل منوج پانڈے نے تین روزہ دورے کی شروعات بنگلہ دیش پہنچنے پر شیکھا انیربن کو ہار پہنا کر آزادی کی جدوجہد میں اپنی جانیں دینے والے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کیا۔ جنرل پانڈے کو یہاں شاندار گارڈ آف آنر دیا گیا۔ انہوں نے دونوں افواج کے درمیان دوستی کی یاد میں ایک پودا بھی لگایا۔ ڈھاکہ میں ہندوستانی ہائی کمیشن نے ایک بیان میں کہا کہ جنرل پانڈے نے بنگلہ دیش کے ملٹری ہیڈ کوارٹر میں جنرل احمد سے ملاقات کی اور دو طرفہ دفاعی تعاون کو بڑھانے اور مضبوط کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ بنگلہ دیش کی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے آرمی چیف نے ایک خصوصی ملاقات میں معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔