Urdu News

کواڈ میٹنگ سے پہلے امریکہ نے ہندستان کا ساتھ دیتے ہوئے بڑا بیان دیا

ہندستان۔امریکہ


کواڈ میٹنگ سے پہلے امریکہ نے ہندستان کا ساتھ دیتے ہوئے بڑا بیان دیا

واشنگٹن ، 19 فروری (انڈیا نیرٹیو)

 امریکی وزارت دفاع پینٹاگون نےہندستان کے بارے میں ایک بڑا بیان دیا ہے۔ امریکہ نےہندستان کو ایک نازک صورت حال کا سامنا کرنے والا اتحادی قرار دیا ہے۔ اس نے کہا کہ ہند بحر الکاہل کے خطے میں وہ واحد ملک ہے جس کو ہر طرح کے چیلنجوں کا سامنا ہے۔

یہ بیان بائیڈن کے صدر بننے کے بعد کواڈ ممالک کے وزرائے خارجہ کی ملاقات سے پہلے سامنے آیا ہے۔ اسی کے ساتھ ہی ، چین کا کہنا ہے کہ بیجنگ کو توقع ہے کہ کواڈ ممالک کے اجلاس میں عالمی استحکام پر ایک اہم بات چیت ہوگی۔

پینٹاگون کے پریس سکریٹری جان کربی نے ہندستان کو چیلنجوں کا سامنا کرنے والا اتحادی قراردیا۔ وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا کہ وہ کواڈ کو مضبوط بنانے کے حق میں ہیں۔

 امریکہ اور ہندستان کے درمیان بہت اہم تعلقات ہیں ، خاص طور پر دونوں ممالک کی فوجوں کے مابین۔ کربی نے کہا ’اگر ہم وزیردفاع کی ترجیح پر تبادلہ خیال کریں تو ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ وہ ہندستان کے ساتھ امریکہ کے تعلقات کو مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔

اسی دوران ، امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا کہ وزیر خارجہ جان بلنکن موجودہ عالمی صورت حال پر ہندستان ، جاپان اور آسٹریلیا میں اپنے ہم منصبوں سے تبادلہ خیال کریں گے۔ وہ بحرہند اور بحر الکاہل میں آزاداور بلاروک ٹوک نقل وحمل کو برقرار رکھنے ، چیلنجوں سے نمٹنے اور کوروناکی وبا سے مربوط مقابلہ کرنے پر غور کریں گے۔

Recommended