واشنگٹن ، 03 فروری (انڈیا نیرٹیو)
امریکی صدر جو بائیڈن کی کابینہ میں ہندستانی نژاد ڈاکٹر راج پنجابی کو ملیریا کے روک تھام کے اقدام کی رہنمائی کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔صدر کے اس اقدام کا بنیادی مقصد افریقی اور ایشیائی ممالک میں اس بیماری پرقابوپاناہے۔ گزشتہ صدی کی نویں دہائی میں خانہ جنگی کے دوران لائبیریا میں پیدا ہونے والے پنجابی اور اس کے اہل خانہ نے ملک چھوڑ دیا تھا اور امریکہ میں پناہ لی تھی۔ پنجابی جب امریکہ آئے تو وہ سات سال کے تھے۔
حلف برداری کے بعد ، پنجابی نے ٹویٹر پر لکھا کہ ’’ یہ بہت خوشی کی بات ہے کہ مجھے امریکی صدر کے ملیریا کے اقدام کی رہنمائی کے لیے کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے۔ میں خدمت کا موقع دینے کے لیے بے حد مشکور ہوں۔‘‘
راج پنجابی نے کہا کہ ان کے لیے یہ مہم ذاتی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ میرے ہندستان میں قیام کے دوران میرے دادا دادی اور والدین ملیریا میں مبتلا تھے۔ لائبیریا میں قیام کے دوران ، میں ملیریا کی وجہ سے بھی بیمار تھا۔ بحیثیت ڈاکٹر ، افریقہ میں کام کرتے ہوئے ، میں نے وہاں بہت سے لوگوں کو اس بیماری سے مرتے دیکھا ہے۔‘‘
صدر ملیریا انیشیٹو (پی ایم آئی) کا آغاز سال 2005 میں ہواتھا۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس اذانوم گھبریئس نے ایک ٹویٹ میں پنجابی کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کیا کہ ’’ملیریا کوآرڈینیٹر کی حیثیت سے تقرری کے لیے راج پنجابی کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد۔ ہم مل کر ملیریا کا خاتمہ کریں گے۔‘‘