تہران/ نئی دہلی/ بیجنگ، 3 اکتوبر (انڈیا نیرٹیو)
ایران سے چین جانے والے طیارے میں بم کی اطلاع ملتے ہی ایران سے بھارت اور چین میں ہلچل مچ گئی۔ بھارتی فضائیہ میں بم کی اطلاع ملتے ہی بھارتی فضائیہ نے اس طیارے کے پیچھے دو لڑاکا طیارے لگا دیئے۔ 45 منٹ تک بھارتی سرحد میں رہنے کے بعد مذکورہ طیارہ چین کے لیے روانہ ہوا۔
ایران کے دارالحکومت تہران سے چینی شہر گوانگزو جا رہا مہان ایئر کا طیارہ پیر کی صبح، جس وقت ہندوستانی فضائی حدود میں پرواز کرر ہا تھا اسی وقت اس طیارے میں بم ہونے کی اطلاع ملی۔
پاکستان کے لاہور ایئر ٹریفک کنٹرول نے دہلی کے ایئر ٹریفک کنٹرول کو آگاہ کیا۔ اس کے ساتھ ہی پائلٹ نے طیارے کو فوری طور پر دہلی میں اتارنے کی اجازت بھی مانگی۔ دہلی ایئر ٹریفک کنٹرول کی جانب سے طیارے کو پہلے جے پور، پھر چنڈی گڑھ ہوائی اڈے پر اتارنے کے لیے کہا گیا۔
دہلی کی جگہ جے پور یا چنڈی گڑھ اتارنے کی بات سامنے آنے پر طیارہ کے پائلٹ نے طیارے کو چین کی جانب آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا۔ اس درمیا ہندوستانی فضایہ نے دو جنگی طیارے اس کے پیچھے لگا دیئے۔ ہندوستانی فضائی حدود میں ایرانی طیاروں کی موجودگی کے دوران اس کی مسلسل نگرانی کی گئی۔
بتایا گیا کہ مہان ایئر نے بم کی اطلاع کے حوالے سے دہلی ایئرپورٹ پر ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کیا تھا۔ اس وقت ایئر لائن سروس فراہم کرنے والے نے فلائٹ کے عملے کو مشورہ دیا تھا کہ وہ طیارے کو فوری طور پر دہلی میں اتاریں۔
اس پر دہلی ایئر ٹریفک کنٹرول نے طیارے کو پہلے جے پور اور پھر چنڈی گڑھ منتقل کرنے کا مشورہ دیا لیکن طیارے کے پائلٹ نے انکار کرتے ہوئے بھارتی فضائی حدود چھوڑ دی۔