Urdu News

چین کی دھمکی: تائیوان تباہی کو دعوت دے رہا ہے، شہ دینے والوں کی بھی خیرنہیں

چینی صدرشی جین پینگ

بیجنگ، 12 اگست (انڈیا نیرٹیو)

چین اور تائیوان کے درمیان کشیدگی گزشتہ ہفتے امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی کے دورے کے بعد بڑھتی ہی جا رہی ہے۔ تائیوان کے جزیرے کے قریب تقریباً ایک ہفتے کی فوجی مشقوں کے بعد چین نے ایک بار پھر تائیوان پر حملے کی دھمکی دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی تائیوان نے چین کے دعوؤں کو خیالی پلاؤ قرار دیتے ہوئے خود فوجی مشقیں شروع کر دی ہیں۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وینبن نے جمعرات کو کہا کہ آزادی کے لیے بیرونی طاقتوں کے ساتھ ساز باز اور اشتعال انگیزی سے تائیوان صرف اپنی تباہی کو دعوت دے گا اور اس کو شہ دینے والوں کا بھی جلد خاتمہ ہوجائے گا۔

وانگ نے نامہ نگاروں کو بتایا، ”تائیوان کی آزادی کا ان کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا اور قومی مفادات کو پامال کرنے کی کوئی بھی کوشش مکمل طور پر ناکام ہو جائے گی۔“ تائیوان کے عوام کو ڈرانے کی چین کی کوششیں اور تائیوان کے جزیرے پر ممکنہ حملہ اور ناکہ بندی امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی کے گزشتہ ہفتے تائیپے کے دورے کا نتیجہ ہے۔ امریکہ، جاپان اور دیگر اتحادیوں نے چین کی فوجی مشقوں پر تنقید کرتے ہوئے ایک بیان جاری کیا ہے۔

تائیوان کا کہنا ہے کہ چین نے پیلوسی کے دورے کو تائیپے کے ساتھ دشمنی بڑھانے اور آبنائے تائیوان میں میزائل داغنے کے لیے استعمال کیا ہے۔

تائیوان کے مطابق چین نے اپنے لڑاکا طیارے اور بحری جہاز آبنائے کے وسط میں بھیجے ہیں جب کہ یہ 1949 کی خانہ جنگی کے دوران تقسیم کے بعد سے بفر زون ہے۔

Recommended