Urdu News

سعودی عرب ایئر پورٹ پر ڈرون حملہ، ائیر پورٹ پر افرا تفری

سعودی عرب ایئر پورٹ پر ڈرون حملہ

سعودی عرب کے جنوب مغرب میں واقع ایک ایئرپورٹ پر بم سے لدے ہوئے ڈرون کے ذریعہ حملہ کیا گیا ہے ۔ اس حملے میں آٹھ افراد زخمی ہوگئے ہیں اور ایئرپورٹ پر کھڑے ایک مسافر طیارہ کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ مملکت کے سرکاری ٹیلی ویزن نے اس کی جانکاری دی ہے ۔

یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف جاری جنگ کے درمیان سعودی عرب پر ہوا یہ سب سے تازہ حملہ ہے ۔ حالانکہ ابھی تک اس حملے کی کسی بھی تنظیم نے ذمہ داری نہیں لی ہے ۔ 2015 سے حوثی باغی سعودی عرب کی زیر قیادت اتحادی افواج سے جنگ لڑ رہے ہیں ۔ حوثی باغی اکثر سعودی عرب کے ایئرپورٹ کو نشانہ بناتے رہتے ہیں ۔

اس سے پہلے فروری میں یمن کے حوثی باغیوں نے جنوب مغربی سعودی عرب میں ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو نشانہ بنانا کر حملہ کیا تھا ، جس سے وہاں کھڑے ایک مسافر طیارہ میں آگ لگ گئی تھی ۔ الخبریہ ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق فائربریگیڈ نے آگ پا قابو پالیا تھا ۔ اس حملے میں کوئی بھی ہلاک نہیں ہوا تھا ۔

سعودی عرب کے زیر قیادت فوجی اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی الملکی نے کہا تھا کہ اتحادی فورسیز نے حوثیوں کے ذریعہ سعودی عرب کی جانب بھیجے گئے بم سے لدے دو ڈرون طیاروں کا تباہ کردیا ۔ انہوں نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اس کو سعودی عرب کے جنوبی علاقہ میں عام آدمی کو نشانہ بنانے کیلئے جان بوجھ کر کی گئی کوشش قرار دیا تھا۔

Recommended