Urdu News

عید الفطر: مسجد الحرام اور مدینہ منورہ سمیت کئی ممالک میں نمازعید کی ادائیگی

عید الفطر: مسجد الحرام اور مدینہ منورہ سمیت کئی ممالک میں نمازعید کی ادائیگی

ریاض،02مئی(انڈیا نیرٹیو)

سعودی عرب میں عید الفطرآج منائی جا رہی ہے،مکہ میں مسجد الحرام اور مدینہ میں مسجد نبویﷺ میں نماز عید ادا کر دی گئی ہے۔سعودی فرماں رواں شاہ سلمان اور ولی عہد و گورنر مکہ نے نماز عید مسجد الحرام میں ادا کی، دوسال بعد تمام مساجد، عیدگاہوں میں مکمل گنجائش کیساتھ نماز عید ادا کی گئی۔مسجد قبلتین اور مسجد قباء میں بھی نماز عیداداکی گئی۔متحدہ عرب امارات اور خلیجی ممالک میں بھی نماز عید کے اجتماعات ہوئے، برطانیہ،فرانس،امریکا اور کینیڈا میں بھی آج عید ہوگی۔اس کے علاوہ بھارت، بنگلا دیش اور سری لنکا میں عیدالفطر کل ہو گی۔

انڈونیشیا

انڈونیشیا میں بھی آج عیدالفطر منائی جارہی ہے، انڈونیشیا میں نماز عیدالفطر کا بڑا اجتماع دارالحکومت جکارتہ میں ہوا۔انڈونیشیا میں کورونا وبا کے 2 سال بعد نماز عید کا یہ پہلا اجتماع ہے۔

فلسطین

فلسطین میں بھی آج عیدالفطر مذہبی جوش وجذبے کیساتھ منائی جارہی ہے، ہزاروں افراد نے مسجد الاقصی میں نماز عید ادا کی۔فلسطینی صدر محمود عباس نے فلسطینی عوام اور عرب، عالم اسلام کو عید کی مبارکباد پیش کی ہے۔

ترکی

ترکی میں بھی آج عیدالفطرمنائی جارہی ہے، ترک صدر رجب طیب اردوان نے ترک عوام سمیت تمام عالم اسلام کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی ہے۔ترک صدر کا عید کے موقع پر اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ عیدیں ہمارے اتحاد، یکجہتی، بھائی چارے کی تجدید کے دن ہیں، عید کے دن یتیموں، ناداروں، ضرورتمندوں، مظلوموں کی مدد کریں۔انہوں نے کہاکہ ہم کسی کو خود کو تقسیم کرنے، ایک دوسرے کا مخالف بننے کی اجازت نہیں دیں گے۔

فرانس

فرانس کی مساجد میں نماز عیدالفطر کی ادا کی گئی، فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی اکثریت نے اپنے اپنے علاقے کی مساجدمیں نماز عید اداکی۔فرانس کے نواحی علاقے لاکورنیو میں ادارۂ منہاج القران انٹرنیشنل میں نمازعیدالفطر کی ادائیگی، فرانس کی جامعہ مسجد پیری فیت، جامعہ مسجد ویلرلیبل میں بھی نماز عید ہوئی، اس کے علاوہ اسٹاک برک سٹدیانی جامعہ مسجد، دارالسلام مسجد کارج لاکونس میں بھی نماز عیدالفطر کا اجتماع ہوا۔فرانس کی جامعہ مسجداونی میں بھی عید الفطرکے موقع پر مساجدمیں جگہ کم ہونے کے باعث 4سے6 بار عیدالفطر کی نماز کی جماعتیں ہوئیں۔واضح رہے کہ پاکستان کے خیبر پختونخوا حکومت نے بھی صوبے میں آج عیدالفطر منانے کا اعلان کیا ہے۔

Recommended