صنعاء،09اپریل(انڈیا نیرٹیو)
عمان کا وفد حوثیوں سے جنگ بندی اور امن پر بات چیت کے لیے یمن پہنچ گیا۔سعودی عرب اور ایران میں سفارتی تعلقات کی بحالی کے بعد یمن میں بھی اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یمن میں جنگ بندی اور امن کے لیے عمان کی ثالثی میں مذاکرات ہوں گے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق عمانی وفد کے ساتھ حوثیوں کے مذاکرات کار محمد عبدالسلام بھی یمن پہنچ گئے ہیں۔
محمد عبدالسلام نے یمن سے غیر ملکی فورسز کے انخلاء ، معاوضوں اور تمیرِنو کا مطالبہ کیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس حوالے سے امریکا کے خصوصی ایلچی نے یمن میں سیاسی عمل کی ضرورت پر زور دیا ہے جبکہ ایران نے اس کا خیر مقدم کیا ہے۔دوسری جانب یمن کے سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور حوثیوں میں 6 ماہ کی جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا ہے۔
حوثی عہدے دار کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے رہا کیے گئے 13 حوثی قیدی صنعا پہنچ گئے ہیں۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اس سے قبل حوثیوں نے ایک سعودی قیدی کو رہا کیا تھا۔رپورٹس کے مطابق جنگ بندی کا مقصد 2 سال کے عبوری سیٹ اپ پر 3 ماہ کے مذاکرات کی راہ ہموار کرنا ہے۔