بیجنگ ،17نومبر (انڈیا نیرٹیو)
کناڈا کے وزیر اعظم اور چینی صدر کے درمیان تنازعات اور چینی صدر کی ناراضگی کی خبر پر چین نے آج وضاحت کر دی ہے ۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ چینی صدر شی جن پنگ کی کینیڈین وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو کے ساتھ بات چیت کو کسی پر تنقید یا الزام لگانا نہیں سمجھا جانا چاہیے۔بیجنگ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ چین کینیڈا تعلقات کی حالیہ صورت حال کی ذمے داری کینیڈا کی ہے۔انہوں نے کہا کہ چینی صدر کی کینیڈین وزیرِ اعظم کے ساتھ بات چیت معمول کا تبادلہ تھا۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ہم دوسرے ممالک کے داخلی معاملات میں کبھی مداخلت نہیں کرتے۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ امید ہے کینیڈا ٹھوس اقدامات سے دو طرفہ تعلقات کی بہتری کے حالات پیدا کرے گا۔
واضح رہے کہ چین کے صدر شی جن پنگ نے کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو سے جی 20 سمٹ کے دوران بند کمرے میں ہونے والے اجلاس کی تفصیلات لیک ہونے پر خفگی کا اظہار کیا تھا۔چینی صدر اور کینیڈین وزیرِ اعظم کی ویڈیو بھی جاری ہوئی تھی جس میں دونوں ایک دوسرے کے قریب کھڑے ہیں اور مترجم کے ذریعے بات کر رہے ہیں۔