ریاض،08اپریل(انڈیا نیرٹیو)
سعودی عرب میں ماہ صیام کے موقعے پر حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی مکہ سے مدینہ ہجرت کے واقعات پر مبنی نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے۔شاہ عبدالعزیز سنٹر فار ورلڈ کلچر (اثرا) اپنی نوعیت کی پہلی نمائش کا آغاز کر رہا ہے جس میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی ہجرت کے اہم تاریخی واقعات کا جائزہ لیا جائے گا۔ یہ وہ ہجرت تھی جس نے تاریخ کا دھارا بدل کر رکھ دیا اور اسلامی ریاست کی بنیاد رکھی۔ اسی اہم واقعے کے بعد سے ھجری تقویم کا آغاز ہوا۔ نمائش کے لیے ’ہجرت: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے نقش قدم پر‘ کا عنوان دیا گیا ہے۔
یہ ایک سفری اور موبائل نوعیت کی نمائش ہے جس کی سرگرمیاں آج اثرا سینٹر میں شروع ہو رہی ہیں مگر آنے والے دنوں میں یہ نمائش ریاض، جدہ اور اس کے بعد دنیا کے دوسرے شہروں میں بھی منعقد کی جائے گی۔ اس نمائش کا مقصد رسول اللہ کی ہجرت کے سفر پر روشنی ڈالنا ہے۔نمائش میں ان نمونوں کے بارے میں سب سے اہم دستیاب معلومات کا احاطہ کیا گیا ہے جو عمومی طور پر اسلامی تہذیب کی فراوانی اور خاص طور پر پیغمبر اسلامﷺکے ورثے کے تنوع کی عکاسی کرتی ہے۔ نمائش کے مواد کی تیاری میں ڈاکٹر عبداللہ القاضی کی طرف سے تعاون کیا گیا۔
نمائش میں ہجرت نبوی ﷺ سے جڑے واقعات ومشاہدات بیان کیے گئے ہیں جو دیکھنے والوں کے لیے مکالمے اور علم کے تبادلے کا دروازہ کھولتے ہیں اور نمائش میں پیش کیے گئے مواد کے ساتھ انسانی تعلق کی کیفیت پیدا کرتے ہیں۔اسی تناظر میں اثرا مرکز متعدد مقامی اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تعاون اور شراکت میں مصروف ہے، جن میں مفاہمت کی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کرنا شامل ہے، جو اسلامی کے حوالے سے متعلقہ فریقوں اور مرکز کے درمیان مشترکہ تعاون کی راہ ہموار کرتے ہیں۔ نمائش میں مسجد نبوی مین موجود مسودات، مدینہ منورہ، مخطوطات اور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے استعمال میں رہنیوالی بعض اشیا کو بھی شامل کیا گیا ہے۔