Urdu News

خارجہ پالیسی: ہندوستان اور روس تعلقات پر امریکہ میں راہل گاندھی نے کیا کہا؟

کانگریس لیڈر راہل گاندھی، امریکہ میں ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے

اسٹینفورڈ، یکم جون (انڈیا نیرٹیو)

 امریکہ میں حکومت ہند پر تنقید کے درمیان راہل گاندھی نے روس کے ساتھ تعلقات پر حکومت ہند کی پالیسی کو درست قرار دیا ہے۔ راہل نے کہا کہ روس کے معاملے میں ان کا موقف وہی ہے جو حکومت ہند کا ہے۔

کانگریس لیڈر راہل گاندھی ان دنوں امریکہ کے دورے پر ہیں۔ انہوں نے کیلیفورنیا کی اسٹینفورڈ یونیورسٹی کے طلباسے بات چیت کی۔ اس دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ یوکرین کی جنگ کے باوجود روس کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات خوشگوار کیوں ہیں؟اس پر انہوں نے کہا کہ روس پر ہمارا کچھ انحصار ہے۔ ہمارا رشتہ الگ ہے۔ راہل گاندھی نے مغربی ممالک کے دباؤ کے باوجود روس کے ساتھ اپنے تعلقات برقرار رکھنے کی ہندوستان کی پالیسی کی حمایت کی۔

انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں میرا موقف وہی ہوتا جو میری حکومت کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان بہت بڑا ملک ہے، اسے اپنے فائدے کے لیے مواقع تلاش کرنا ہوں گے۔

کانگریس کے سابق صدر نے مزید کہا کہ ملک کی ترقی کے لیے دوسرے ممالک کے ساتھ تعلقات کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔ اس لیے ہم ہمیشہ کوشش کریں گے کہ سب کے ساتھ تعلقات استوار ہوں، تاکہ توازن برقرار رہے۔

Recommended