Urdu News

جرمن وزیر خارجہ اینالینا بیئربوک نے الیکشن کمیشن آف انڈیا کا کیا دورہ

جرمن وزیر خارجہ اینالینا بیئربوک

نئی دہلی، 06 دسمبر ( انڈیا نیرٹیو)

 جرمن وزیر خارجہ اینالینا بیئربوک کی قیادت میں ایک وفد نے منگل کو یہاں نرواچن سدن میں چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار اور الیکشن کمشنرس انوپ چندر پانڈے اور ارون گوئل سے ملاقات کی۔

جرمن وزیر خارجہ کے ساتھ جرمن ارکان پارلیمان آگنیسکا بروگر، ٹامس آرنڈل، الریکھ لیشٹے، آندریاس لاریم، ہندوستان میں جرمنی کے سفیر ڈاکٹر فلپ ایکرمین اور جرمن دفتر خارجہ کے دیگر حکام بھی موجود تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے کہا کہ جمہوریت کی روح ہندوستان کے تاریخی تناظر اور روایات میں گہرائی سے پیوست ہے۔ ہندوستان میں انتخابات کے دائرہ کار کا ایک جائزہ پیش کرتے ہوئے، انہوں نے جرمن وفد کو تفصیل سے بتایا کہ ہندوستان کا الیکشن کمیشن کس طرح 1.1 ملین پولنگ اسٹیشنوں میں 950 ملین سے زیادہ ووٹرز، 11 ملین پولنگ اہلکاروں کا انتظام کرتا ہے، تاکہ آزادانہ، منصفانہ، جامع ، آسان اور شراکت دارانہ انتخابی عمل کو مکمل کیا جاسکے۔

راجیو کمار نے کہا کہ کمیشن ہر سطح پر سیاسی جماعتوں کی شرکت اور پارٹیوں کے ذریعہ مکمل معلومات دیئے جانے کو یقینی بناتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لاجسٹک چیلنجز کے علاوہ سوشل میڈیا پرفرضی مواد کے غلط معلومات کے اثرات سے بھی نمٹنا پڑتا ہے  جو آزادانہ اور منصفانہ انتخابات میں رکاوٹ بن سکتے  ہیں۔ اس طرح کی سرگرمیاں تقریباً تمام انتخابی انتظامی اداروں کے لیے ایک چیلنج بن رہی ہیں۔

کمیشن کے تین سینئر عہدیداروں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے جرمن وزیر خارجہ نے متنوع جغرافیائی حالات، ثقافتوں اور رائے دہندگان کے ساتھ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت میں انتخابی نظم و نسق کا اتنا بڑا کام انجام دینے کے لیے الیکشن کمیشن آف انڈیا کی تعریف کی۔

Recommended