Urdu News

خلیج تعاون کونسل کا ایران سے دہشت گردی کی پشت پناہی بند کرنے کا مطالبہ

خلیج تعاون کونسل

دبئی،30جولائی(انڈیا نیرٹیو)

خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل نایف الحجرف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکا اور ’جی سی سی‘ کے درمیان تعلقات خطے کے امن اور استحکام کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔ انہوں ایران سے خطے کو عدم استحکام سے دوچارکرنے کی پالیسیاں ختم کرنے اور دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے باز آنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار امریکا میں مڈل ایسٹ انسٹیٹیو کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد نے پال سلیم کی قیادت میں جی سی سی کے الریاض میں قائم صدر دفتر میں نایف الحجرف سے ملاقات کی۔

اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے نایف الحجرف نے خطے میں موجود تنازعات کے پرامن اور سیاسی حل، خطے کے امن اور استحکام کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ ایران خطے میں مسائل پیدا کرنے کا ذمہ دار ہے۔ تہران کو خطے میں اپنی مداخلت اور یمن، شام، عراق اور لبنان سمیت دوسرے ممالک میں اپنی مداخلت بندکرنا اور دہشت گردی کی پشت پناہی روکنا ہوگی۔امریکی وفد سے ملاقات میں جی سی سی سیکرٹری جنرل نے ویانا میں جاری ایران امریکا مذاکرات، ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام اور ایران کے جوہری پروگرام پر بھی بات چیت کی۔

قبل ازیں خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل اور یمن کے لیے امریکا کے خصوصی ایلچی ٹیم لینڈرکنگ نے ایک مشترکہ بیان میں یمن میں جاری بحران کے خاتمے کا مطالبہ کیا تھا۔دونوں رہ نماؤں نے یمنی صدر عبد ربہ منصور ھادی کی حکومت کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور یمن میں امن اور استحکام کیلییحوثی ملیشیا کی کارروائیاں روکنے کا مطالبہ کیا۔

Recommended