Urdu News

بھارت اورمالدیپ نے دو دوست پڑوسیوں کے طور پر تعلقات کوکیسے دی نئی شکل؟

وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے تین روزہ دورے میں طویل مدتی شراکت داری کو مضبوط کیا

دونوں ممالک نے دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا

نئی دہلی، 03 مئی (انڈیا نیرٹیو)

 وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے مالدیپ کے تین روزہ دورے کے اختتام پر بدھ کو ایک مشترکہ بیان جاری کیا گیا۔ راجناتھ سنگھ نے مالدیپ کی ہم منصب ماریہ دیدی کی دعوت پر ہندوستان اور مالدیپ کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے دو طرفہ بات چیت کی۔ انہوں نے باہمی تشویش کے وسیع علاقائی اور عالمی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں اپنے تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ 01 مئی 2023 کو مالدیپ کے اپنے ہم منصب وزیر دفاع ماریہ دیدی کی دعوت پر مالے پہنچے۔ دونوں وزرا  نے خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کو برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے مشترکہ سلامتی کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت کو تسلیم کیا۔ انہوں نے بین الاقوامی قانون اور قواعد پر مبنی بین الاقوامی نظم کے احترام کی اہمیت پر زور دیا اور ان اصولوں کو برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

دونوں پڑوسی ممالک نے مشترکہ مشقوں اور فوجی حکام کے دوروں سمیت دفاعی تعاون میں پیش رفت کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے انسداد دہشت گردی، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، سائبر سیکورٹی اور میری ٹائم سیکیورٹی جیسے شعبوں میں بہترین طریقوں اورمہارت کے اشتراک کی اہمیت کو بھی نوٹ کیا۔ دونوں وزرا  نے دفاعی تجارت، صلاحیت سازی اور مشترکہ مشقوں سمیت تعاون کے لیے اضافی راستے تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان عوام سے عوام کے رابطوں اور تبادلوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ دورے کے دوران راج ناتھ سنگھ نے مالدیپ کے صدر ابراہیم محمد صالح اور وزیر خارجہ عبداللہ شاہد سے رسمی ملاقات کی۔ راج ناتھ سنگھ نے ماریہ دیدی اور مالدیپ کے صدر صالح کی موجودگی میں مالدیپ نیشنل ڈیفنس فورسز (ایم این ڈی ایف) کو ایک فاسٹ پٹرول ویسل اور لینڈنگ کرافٹ اسالٹ شپ سونپا۔

دونوں جہازوں کے تحفے کا اعلان وزیر اعظم نریندر مودی نے مالدیپ کے صدر صالح کے حالیہ دورہ ہندوستان کے دوران کیا تھا۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ مالدیپ کو ہندوستان کی طرف سے دو بحری جہازوں کا حوالے کرنا بحر ہند کے خطے میں امن اور سلامتی کے تئیں مشترکہ عزم کی علامت ہے۔

دورے کے دوران دونوں وزرائے دفاع نے مشترکہ طور پر مالدیپ کوسٹ گارڈ ‘ایکتھا ہاربر’ کا سنگ بنیاد رکھا۔ کوسٹ گارڈ ہاربر ڈیولپمنٹ اور مرمت کی سہولت ہندوستان کے سب سے بڑے امدادی منصوبوں میں سے ایک ہے۔ دورے کے اختتام پر روانگی سے قبل، راجناتھ سنگھ نے ان کے ساتھ دی گئی گرمجوشی اور خوشگوارمہمان نوازی کی تعریف کی۔ دونوں فریقوں نے اپنے ملکوں کے درمیان شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا اورمستقبل میں بات چیت اور تعاون کو جاری رکھنے کے لیے پر امید ہیں۔ اس دورے نے اپنے اپنے ممالک اور خطے کی سلامتی اور خوشحالی کو بڑھانے کے لیے دو دوست ہمسایہ ممالک کے تعلقات کو ایک نئی شکل دی۔

Recommended