ہندوستان اور پاکستان کنٹرول لائن پر جنگ بندی پر پوری طرح عمل کریں گے
سری نگر، 25 فروری (انڈیا نیرٹیو)
ہندوستان اور پاکستان نے کنٹرول لائن کے ساتھ ساتھ اس سے متصل سبھی سیکٹروں میں بدھ کی رات سے جنگ بندی اور دیگر سمجھوتوں پر عمل کرنے پر اتفاق ظاہر کیا ہے۔یہ معاہدہ دونوں ممالک کے ڈائریکٹرس جنرل آف ملٹری آپریشنز کے درمیان ہاٹ لائن پر بات چیت کے دوران طے پایا۔
دونوں فوجی افسران نے خوشگوار ماحول میں لائن آف کنٹرول اور تمام سیکٹروں میں صورت حال کا جائزہ لیا۔مذاکرات کے بعد جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سرحد پر مستقل امن قائم رکھنے اور ایک دوسرے کے خدشات کو سمجھنے کے لیے جنگ بندی اور دیگر معاہدوں پر مکمل طور پر عمل کیا جائے گا۔
دونوں فریقوں نے یہ بھی کہا کہ ان کے مابین ہاٹ لائن کا انتظام پہلے کی طرح جاری رہے گا اور کسی بھی غلط فہمی کو فلیگ میٹنگ کے ذریعے حل کیا جائے گا۔واضح رہے کہ 2003 سے ہندوستان اور پاکستان کے مابین کنٹرول لائن پر جنگ بندی نافذ ہے لیکن وقتا فوقتا پاکستان اس کی خلاف ورزی کرتا رہا ہے۔
پاکستان بین الاقوامی سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کرتا آیا ہے۔ مسلسل پاکستان کی طرف سے سرحدی معاحدے کی خلاف ورزی کی خبریں ملتی رہتی ہیں۔ پاکستان کی طرف سے دہشت گردانہ رویوں کی وجہ سے ہندوستان نے کئی بار اقوام متحدہ میں آواز بلند کی تھی کہ پاکستان کی طرف سے اس طرح کے معاملات پیش آرہے ہیں ۔ پاکستان کو سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کے بارے میں عالمی دباؤ بنانے کی ضرورت ہے تاکہ پاکستان ، ہندوستان میں دہشت گردی کو فروغ نہ دے سکے۔