Urdu News

ہند۔ بنگلہ دیش دوطرفہ دفاعی تعاون اہم ستون بن گیا ہے

ہند۔ بنگلہ دیش دوطرفہ دفاعی تعاون اہم ستون بن گیا ہے

فضائیہ کے سربراہ بنگلہ دیش ایئر فورس کی ’صدر پریڈ 2021‘ میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے

نئی دہلی ، 30جون (انڈیا نیرٹیو)

ہندوستانی فضائیہ کے سربراہ راکیش کمار سنگھ بھدوریا نے کہا کہ ہندوستان اور بنگلہ دیش کے مابین گہرے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا دو طرفہ دفاعی تعاون ایک اہم ستون بن گیا ہے۔بنگلہ دیش کے تین روزہ دورے پرگئے ہندوستانی فضائیہ کے سربراہ بنگلہ دیش ایئر فورس کی 'صدر پریڈ' میں مہمان خصوصی کے طورپر شرکت کی۔ یہ پہلا موقع تھا جب ہندوستانی فضائیہ کے سربراہ کو بنگلہ دیش میں ایئر فورس پریڈ کا جائزہ لینے کا اعزاز ملا ہے۔

پریڈ میں فارغ التحصیل ٹرینیوں سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف مارشل بھدوریا نے انھیں مبارکباد پیش کی اور فوجی سطح پر بات چیت کے تمام پہلوؤں میں تیزی سے پیشرفت پر توجہ دینے کے لئے کہا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان گہرے تاریخی اور برادرانہ تعلقات میں باہمی دفاعی تعاون ایک اہم ستون بن گیا ہے۔

 انہوں نے اس پریڈ کودونوں فضائیہ کے مابین باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم کی بنیاد پر پیشہ ورانہ تعلقات کی بہترین صورت حال کاعکاس قرار دیا۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ مکتی سنگرام کے اس تاریخی 50 ویں سال کے دوران بنگلہ دیش ایئر فورس میں ان کی موجودگی دونوں ممالک کے مابین پہلے سے ہی مضبوط اور کثیر الجہتی شراکت داری کو تقویت بخشے گی۔

بنگلہ دیش کی آزادی کے لیے پاکستان کے ساتھ 1971 کی جنگ میں تاریخی فتح کی گولڈن جوبلی کے پیش نظر ہندوستانی فضائیہ کے سربراہ کا یہ دورہ انتہائی اہمیت کا حامل تھا۔ یہ بھی پہلا موقع ہے جب کسی غیر ملکی سربراہ کو پریڈ کا جائزہ لینے کے لئے مہمان خصوصی کی حیثیت سے مدعو کیا گیاہے ، جس سے ہندوستان بنگلہ دیش اور ان کی مسلح افواج کے مابین دوستی کے مضبوط رشتہ کی پھر سے تصدیق ہوئی ہے۔

 تین روزہ دورے پر 26جون کو ڈھاکہ پہنچے ایئر چیف نے 1971 میں بنگلہ دیش کی آزادی کے دوران شہید ہوئے مسلح افواج کے ممبروں کو گلہائے عقیدتپیش کرنے کے لیے ڈھاکہ چھاؤنی میں شیکھا انیربن کا دورہ کیا۔ ایئر چیف نے بی اے ایف میوزیم ،دیگر اہم فضائیہ کے ٹھکانوں اور شہری تنصیبات کے ہیلی کاپٹر سمیولیٹر انسٹی ٹیوٹ کا بھی دورہ کیا۔ 

بی اے ایف کے ہیڈکوارٹرپہنچنے پر ائیر چیف مارشل بھدوریا کو بی اے ایف دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ بنگلہ دیش میں اپنے قیام کے دوران ، چیف آف ایئر اسٹاف نے اپنے میزبان ایئر مارشل شیخ عبدالحنان سے تبادلہ خیال کیا۔ دونوں ممالک کے فضائیہ کے سربراہوں نے دوطرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور موجودہ تعلقات کو مستحکم کرنے کے لیے باہمی تعاون جاری رکھنے کی امید ظاہرکی۔

 اس کے علاوہ ، انہوں نے بری فوج کے سربراہ کے ساتھ باہمی دل چسپی کے امور اور مجموعی دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ ڈھاکہ میں قیام کے دوران ، انہوں نے ہندوستان کے ہائی کمشنر وکرم کے دورائی سوامی سے بھی با ت چیت کی۔

Recommended