Urdu News

بھارتی ٹیم کا دورہ کابل طالبان کی حکومت کو تسلیم کرنے سے متعلق نہیں: وزارت خارجہ

بھارتی ٹیم کا دورہ کابل طالبان کی حکومت کو تسلیم کرنے سے متعلق نہیں: وزارت خارجہ

انسانی امداد کے کام کے لیے کابل میں ہندوستانی ٹیم

ہندوستان نے کہا ہے کہ افغانستان میں اس کی جانب سے دی جا رہی انسانی امداد کی تقسیم کی نگرانی کے لیے حکام کی ایک ٹیم کابل گئی ہے لیکن اس دورے کو افغانستان کو سفارتی منظوری دئے جانے سے جوڑ کر نہیں دیکھا جانا چاہیے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے جمعرات کو ہفتہ وار پریس بریفنگ میں بتایا کہ وزارت خارجہ میں جوائنٹ سکریٹری (پاکستان، افغانستان، ایران) جے پی سنگھ، کابل کے دورے پر ہندوستانی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔ ترجمان نے بھارتی دستے کے دیگر ارکان اور انہوں نے کن مقامات کا دورہ کیا اس کی تفصیلات نہیں بتائیں۔

ترجمان نے کہا کہ ہندوستانی ٹیم بین الاقوامی تنظیموں کے عہدیداروں سے ملاقاتیں کرے گی جو بنیادی طور پر انسانی امداد کی تقسیم میں شامل ہیں، جیسے کہ ورلڈ فوڈ پروگرام اور یونیسیف۔ بھارتی حکام افغانستان میں بھارت کی جانب سے جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بھی معلومات حاصل کریں گے۔

ترجمان نے کہا کہ افغانستان کو سفارتی تسلیم کرنے کے معاملے کا فیصلہ بھارت عالمی برادری سے مشاورت کی بنیاد پر کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال اگست میں افغانستان میں ہندوستانی سفارت خانے اور مشن کے ہندوستانی ملازمین کو واپس بلایا گیا تھا۔ ان مشن میں کام کرنے والے مقامی افغان شہری سفارتی اداروں کی دیکھ بھال کر رہے تھے۔

وزارت خارجہ کے مطابق دورے کے دوران ٹیم انسانی امداد کی تقسیم میں شامل بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقات کرے گی۔ اس کے علاوہ، ٹیم کے مختلف مقامات کا دورہ کرنے کی بھی توقع ہے جہاں ہندوستانی پروگرام یا پروجیکٹس پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔

وزارت کے مطابق، افغان معاشرے کی جانب سے ہندوستان کی امداد کو بڑے پیمانے پر سراہا جا رہا ہے۔ ہندوستانی ٹیم انسانی امداد کے امور پر بات چیت کے لیے طالبان کے سینئر ارکان سے بات چیت کرے گی۔ ہندوستان کے افغان شہریوں کے ساتھ تاریخی اور تہذیبی روابط ہیں اور یہ دیرینہ تعلقات ہمارے نقطہ نظر کی رہنمائی کرتے رہیں گے۔

 بھارت نے ایران کو افغان مہاجرین کے لیے کووویکسین کی 10 لاکھ خوراکیں دی ہیں۔ یونیسیف کی مدد کے لیے پولیو ویکسین کی تقریباً 60 ملین خوراکیں اور دو ٹن ضروری ادویات فراہم کی گئی ہیں۔

Recommended