Urdu News

ایران نے مہسا امینی کے خاندان کو گھرمیں کیا نظربند،میڈیا رپورٹ میں دعویٰ

ایران میں حجاب کو لے کر زبردست احتجاج جاری

تہران،28اکتوبر(انڈیا نیرٹیو)

عربی ٹی وی چینل العربیہ کی رپورٹ کے مطابق ایرانی حکام نے مہسا امینی کے اہل خانہ کو ان کے آبائی شہرسقز میں واقع گھرمیں نظربند کردیا ہے۔مہسا امینی کے ایک کزن عرفان مرتضائی نے العربیہ سے بات چیت میں ان کے اہل خانہ کی نظربندی کی کی تصدیق کی اور کہا کہ ”ہم ایرانی حکام کو سکیورٹی فورسزکے ہاتھوں مہسا امینی کی ہلاکت کا ذمہ دار قراردیتے ہیں“۔

سوشل میڈیا پرشیئرکی جانے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ امینی کی پولیس حراست میں موت کے 40 دن مکمل ہونے کے موقع پربدھ کوان کے آبائی شہرسقز اور ایران کے دیگر حصوں میں مظاہرے کیے گئے۔ایک عینی شاہد نے خبررساں ادارے رائٹرزکو بتایا کہ ایرانی سکیورٹی فورسز نے مبیّنہ طورپراس قبرستان میں جمع ہونے والے افراد پر فائرنگ کی جہاں مہسا امینی مدفون ہیں۔

ایران میں 16 ستمبرکو 22 سالہ مہسا امینی کی تہران میں اخلاقی پولیس کے زیرحراست ہلاکت کے بعد سے مظاہرے جاری ہیں اور یہ نظام مخالف مکمل احتجاجی تحریک میں تبدیل ہوچکے ہیں۔

Recommended