Urdu News

اسلامک اسٹیٹ نے شام میں 35 افراد کو قتل کیا، تین ماہ کے دوران 230 افراد کی ہلاکت

شام میں اسلامک اسٹیٹ

دمشق، 17 اپریل (انڈیا نیرٹیو)

 شام میں اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس) کی تباہ کاریاں تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہیں۔ اب اس بدنام زمانہ تنظیم کے دہشت گردوں نے حما کے علاقے میں موسمی سبزی ٹرفل تلاش کرنے والے 31 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ ایک اور واقعے میں چار چرواہوں کو قتل کرنے کے بعد دو افراد کو اغوا کر لیا گیا۔

شام گزشتہ کئی سالوں سے خانہ جنگی کے مسئلے سے دوچار ہے۔ جس کی وجہ سے عوام شدید معاشی بحران کا شکار ہیں۔ معاشی بحران سے نمٹنے کے لیے لوگ پیسہ کمانے کے نئے طریقے تلاش کرتے رہتے ہیں۔ موسمی سبزی ٹرفل کی تلاش بھی  پیسے کمانے کا ایک ذریعہ بن گیا ہے۔

اس کے لیے لوگ صحراؤں میں جا کر ٹرفل ڈھونڈتے ہیں اور وہاں سے لا کر فروخت کرتے  ہیں۔ اس موسمی سبزی کی قیمت بہت زیادہ ہے۔ دہشت گرد گروپ اسلامک اسٹیٹ سے وابستہ دہشت گردوں کے  نشانے پر اس وقت ٹرفل کی تلاش کرنے والے افراد ہیں۔ حال ہی میں دہشت گردوں نے ایسے 15 افراد کو گلے کاٹ کر ہلاک کر دیا تھا۔

اب ایک بار پھر دہشت گردوں نے ٹرفلوں کی تلاش میں لوگوں پر قہر بپاکیا ہے۔ دہشت گردوں نے حما کے ریگستان میں ٹرفل جمع کرنے والے لوگوں پر حملہ کر کے 31 افراد کو ہلاک کر دیا۔ ہلاک ہونے والوں میں 12 حکومتی جنگجو بھی شامل ہیں۔ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق شام میں اسلامک اسٹیٹ کی سرگرمیاں مسلسل  ہلاکت خیز ہوتی جا رہی ہیں۔

یہ لوگ پچھلے تین مہینوں یعنی فروری سے لے کر اب تک 230 افراد کو ہلاک کر چکے ہیں۔ بہت سے لوگ ٹرفل کی تلاش کے دوران دولت اسلامیہ کے دہشت گردوں کی گولیوں کا نشانہ بنے، جب کہ جنگ کے دوران بچھائی گئی بارودی سرنگوں کی وجہ سے بہت سے لوگ اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

Recommended