Urdu News

اسلامو فوبیا اور نسلی تعصب حقیقت ہیں: جسٹن ٹروڈو

کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو

اسلامو فوبیا اور نسلی تعصب حقیقت ہیں: جسٹن ٹروڈو

ٹورنٹو،09جون(انڈیا نیرٹیو)

کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو کا کہنا ہے کہ اسلامو فوبیا ایک حقیقت ہے، نسلی تعصب بھی ایک حقیقت ہے۔کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو نے اونٹاریو میں جاں بحق افراد کی یاد میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی اور وہاں موجود افراد سے خطاب بھی کیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تین نسلوں کے قتل کے غم کو کم کرنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں، ایسے الفاظ نہیں کہ تکلیف اور کمیونٹی کے غم و غصے کو کم کر سکیں۔

کینیڈین وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ خطرات کا شکار کمیونیٹیز کا تحفظ کیا جائے گا، منافرت کا مقابلہ کریں گے، دائیں بازو کے انتہا پسند گروہوں کو دہشت گردوں کی فہرست میں ڈالا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم مل کر ایکشن لیں گے، اکھٹے آگے بڑھنے کا راستہ نکالیں گے، مسلم کمیونٹی نے اس شہر کو مضبوط کیا، ہم آپ کے ساتھ ہیں۔

جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ آپ اکیلے نہیں، تمام کینیڈینز آپ کے ساتھ کھڑے ہیں، ہمارے درمیان یہ معاہدہ تھا کہ بطور کینیڈین ہم سب ایک دوسرے کا خیال رکھیں گے، مسلم کینیڈینز کے لیے یہ معاہدہ کئی بار توڑا گیا۔مقتول پاکستانی فیملی کے زندہ بچ جانے والے بچے کے حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ اس معصوم بچے کے مستقبل کے حوالے سے الفاظ نہیں، اس واقعے نے معصوم بچے کے مستقبل کو چھینا۔وزیرِ اعظم کینیڈا نے کہا کہ جان لیں، آپ تنہا نہیں ہیں، تمام کینیڈین آپ کے ساتھ سوگ منا رہے ہیں، تمام کینیڈین آپ کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔

کینیڈا، پاکستانی خاندان کے غم میں اجتماع، ٹروڈو بھی شریک

کینیڈا میں مسلم خاندان پر گھناونے حملے پر صدمے میں ہوں: انتونیو گوئتریس

کینیڈا میں ٹرک سے کچل کر قتل کیے جانے والے پاکستانی خاندان کی یاد میں اونٹاریو میں مسجد کے باہر ہزاروں افراد کا اجتماع ہوا جس میں وزیراعظم ٹروڈو نے بھی شرکت کی۔ پاکستان سے 14 برس قبل ہجرت کر کے کینیڈا منتقل ہونے والے خاندان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے اونٹاریو کی لندن مسلم مسجد کے باہر ہزاروں کی تعداد میں ہر رنگ ، نسل اور مذہب کے افراد شامل تھے۔

مسجد کے باہر منعقد تعزیتی تقریب میں وزیراعظم ٹروڈو اور اپوزیشن لیڈروں نے پہلی بارایک ساتھ شرکت کی۔تعزیتی تقریب میں جاں بحق ہونے والے فزیوتھراپسٹ سلمان، ان کی والدہ، اہلیہ مدیحہ اور بیٹی یمنیٰ کی موت پر ہر شخص اداس نظر آیا اور بیٹےفیض کی صحت یابی کے لیے لوگوں نے دعا کی۔

ایک پاکستانی ٹی وی چینل جیونیوز سے بات کرتے ہوئے کینیڈین پاکستانیوں کا کہنا تھا کہ ٹرک سے پاکستانی گھرانے کو روندا جانا انتہائی افسوس ناک واقعہ ہے۔سوشل میڈیا پر جسٹن ٹروڈو نے تقریب میں شرکت کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ان لوگوں کے لیے جو افضال گھرانے کو جانتے ہیں، اس معصوم جان کے لیے زندہ بچ گیا ہے، لندن میں اور کینیڈا میں موجود لوگوں کیلئے جو اس واقعے پر غمگین ہیں اور ہر ایک کے لیے جو افسردہ ، برہم اورخوفزدہ ہے، یاد رکھیں کہ آپ اکیلے نہیں ہیں، ملک بھر میں موجود لوگ آپ کے غم میں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے واقعہ کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ خطرات کا شکار کمیونیٹیز کا تحفظ کیا جائے گا اور منافرت کا مقابلہ کریں گے۔

Recommended