بیجنگ،18اپریل(انڈیا نیرٹیو)
چین کے وزیر خارجہ کِن گینگ نے پیر کو اپنے اسرائیلی اور فلسطینی ہم منصبوں کو بتایا کہ چین اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن مذاکرات میں سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
چینی خبر رساں ادارے ’’ ڑنہوا‘‘ نے بتایا کہ کِن گینگ نے کہا ہے کہ “چین اسرائیل اور فلسطین دونوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے کہ وہ سیاسی جرات کا مظاہرہ کریں اور امن مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے لیے اقدامات کریں۔ چین اس میں سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے”۔
کن گینگ نے اپنے اسرائیلی ہم منصب ایلی کوہن سے ٹیلفونک گفتگو میں کہا ہے کہ چین اسرائیل اور فلسطین کے درمیان موجودہ کشیدگی پر فکر مند ہے۔ چین کی اولین ترجیح صورت حال کو کنٹرول میں لانا اور تنازع کو بڑھنے یا کنٹرول سے باہر ہونے سے روکنا ہے۔چینی وزیر نے دونوں فریقوں پر زور دیا کہ وہ پرسکون رہیں۔
تحمل سے کام لیں اور اشتعال انگیز بیانات یا اقدامات سے گریز کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ تنازع کے حل کی کلید امن مذاکرات کا دوبارہ آغاز اور دو ریاستی حل پر عمل درآمد کرنے میں ہے۔
چینی وزیر خارجہ نے گزشتہ ماہ اعلان کردہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے معاہدے میں چین کے کردار کی طرف بھی اشارہ کیا اور کہا کہ سعودی عرب اور ایران نے حال ہی میں بات چیت کے ذریعے سفارتی تعلقات بحال کیے ہیں جو بات چیت کے ذریعے اختلافات پر قابو پانے کی ایک اچھی مثال ہے۔