Urdu News

افغانستان سے تازہ ترین خبریں: افغانستان کا آخری قلعہ کابل بھی منہدم

افغانستان کا آخری قلعہ کابل بھی منہدم

کابل: افغانستان کے تمام بڑے شہروں پر قبضہ کرنے کے بعد اب طالبان کے مبینہ جنگجو راجدھانی کابل(Taliban Enters Kabul) میں بھی گھس گئے ہیں۔ طالبان کے افسران نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ آئندہ دو گھنٹے میں کابل پر بھی قبضہ کرلیں گے۔ نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق، کابل کے مقامی لوگوں نے بھی طالبان کے وہاں پہنچنے کی تصدیق کردی ہے۔ اس سے پہلے افغانستان کے ایک رکن پارلیمنٹ  نے کہا کہ شدت پسندوں نے کابل سے محض کچھ دور مغرب میں واقع ایک صوبائی دارالحکومت پر قبضہ کرلیا ہے۔

بی بی سی کے مطابق، کابل میں کوئی تشدد نہیں ہو رہا ہے۔ طالبان کے جنگجو بڑے آرام سے شہر کے اندر گھس گئے ہیں۔ انہیں روکنے کی کوئی کوشش نہیں کی جا رہی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، طالبان نے اپنے جنگجووں کو افغانستان کی راجدھانی کابل میں تشدد نہیں کرنے کا حکم دیا ہے۔

کابل ہوائی اڈے سے کام کر رہے ہیں امریکی افسر

نیوز ایجنسی رائٹرس نے ناٹو کے ایک افسر کے حوالے سے کہا ہے کہ یوروپی یونین کے کئی ملازمین کو کابل میں ایک نامعلوم محفوظ مقام پر لے جایا گیا ہے۔ نیوز ایجنسی کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایک امریکی افسر نے تصدیق کی ہے کہ 50 سے کم امریکی سفارت کاروں کے افسران وہاں رکیں گے۔ اس کے علاوہ ایک کور ٹیم اب کابل ہوائی اڈے سے کام کر رہی ہے۔

تورخم پر پہلے کیا قبضہ

اس سے قبل پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بتایا کہ طالبان نے تورخم سرحد پر قبضہ کرلیا ہے۔ انہوں نے مقامی ’جیو ٹی وی‘ کو بتایا کہ پاکستان نے اس کی وجہ سے وہاں سرحد پر نقل وحمل کو روک دیا ہے۔ تورخم وہ آخری چوکی تھی، جس پر اب بھی حکومت کا کنٹرول تھا۔

Recommended