Urdu News

مالدیپ کے وزیر خارجہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے نئے صدر منتخب

مالدیپ کے وزیر خارجہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے نئے صدر منتخب

مالدیپ کے وزیر خارجہ عبد اللہ شاہد اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے نئے صدر منتخب ہوئے ہیں ۔ شاہد کو کل 191 ووٹوں میں سے 143 ووٹ ملے۔ شاہد نے اپنے آنے والے دورصدارت کو 'امید کی صدارت' سے تعبیر کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہم نے ہمیشہ بہتر مستقبل کے لیے کام کیا ہے۔ 

در اصل یہ پہلی مرتبہ ہے جب مالدیپ کو اقوام متحدہ  جنرل اسمبلی میں صدر کا عہدہ ملا ہے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موجودہ صدر ولکن بوزکیر نے مالدیپ کے وزیر خارجہ کے جنرل اسمبلی کے صدر منتخب ہونے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ نو منتخب صدر چھوٹے جزائر نما ممالک کی جانب سے اقوام عالم کے لیے ایک مضبوط آواز ہیں۔

بھارت نے نومبر 2020 میں سکریٹری خارجہ ہرش وردھن شرنگلا کے مالدیپ  دورے کے دوران وزیر خارجہ شاہد کی حمایت کرنے کا اعلان کیا تھا۔  اس وقت وہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں صدر کے عہدے کے لئے انتخابی میدان میں واحد امیدوار تھے۔

عبداللہ شاہد نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی (یو این جی اے) سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان مشکل حالات میں ہم 76 ویں اجلاس کی طرف گامزن ہیں۔ انہوں نے بیماری ، مایوسی اور تباہی کو گزشتہ سال کے چیلنجوں سے تعبیر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہماری ماحولیات ، ہمارے سمندر ، ہمارے سیارے پریشانی کا شکار ہیں لیکن ہمیں آگے بڑھتے رہنا ہے ، ہمیں معاشروں کی تعمیر نو اور اس سیارے (زمین ) کو بچانا ہوگا۔

ہندوستان کو اقوام متحدہ میں سماجی اور اقتصادی کونسل کا ممبر منتخب کیا گیا ہے

ہندوستان کوسال 2022-2024 کے لیے اقوام متحدہ کی سماجی اور اقتصادی کونسل کا رکن منتخب کیا گیا ہے۔دراصل 54 رکنی اقتصادی اور سماجی کونسل (ای سی او ایس اوسی) اقوام متحدہ کے نظام کے مرکز میں ہے۔ پیر کے روز ہونے والے انتخابات میں ہندوستان کا انتخاب افغانستان ، قازقستان اور عمان کے ساتھ ساتھ ایشیا پیسیفک ممالک کے زمرے میں کیا گیا ہے۔اقوام متحدہ میں ہندوستانی سفیر ٹی ایس تریمورتی نے تمام ممبروں کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا انتخاب کرنے اور اعتماد ظاہر کرنے پر آپ سب کا شکریہ۔

تریمورتی نے ٹویٹ کیا کہ وہ اقوام متحدہ کے تمام ممبر ممالک کو ای سی او ایس او سی کے لیے ہندوستان میں اعتماد کے ووٹ دینے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ پیر کے روز 18 ممالک ای سی اوایس او سی کے لیے منتخب ہوئے تھے ، جو اقوام متحدہ کی ایجنسیوں اور فنڈکے اقتصادی اور سماجی کاموں کے لئے کوآرڈینیشن کا کام کرنے والی ایجنسی ہے۔ جنرل اسمبلی کے صدر ولکان بوزکیر نے اسمبلی میں خفیہ رائے شماری کے بعد نتائج کا اعلان کیا۔ ہندوستان کے ساتھ ساتھ افریقی ریاستوں میں ایسواٹنی ، تنزانیہ ، تیونس ، ماریشیس کا انتخاب کیا گیا ہے۔

Recommended