طالبان کے سپریم لیڈر ہیبت اللہ اخوندزادہ نے ایک خصوصی حکم نامے میں مولوی عبدالکبیر کو افغانستان کا قائم مقام وزیر اعظم مقرر کیا ہے۔خبر ہے کہ ملا محمد حسن اخوند قائم مقام وزیر اعظم بیمار ہیں اور جب تک وہ ٹھیک نہیں ہو جاتے، مولوی عبدالکبیر طالبان حکومت کے سربراہ کے طور پر کام کریں گے۔
ملا محمد حسن اخوند 2021 میں اس گروپ کی اقتدار میں واپسی کے بعد سے طالبان حکومت کے وزیر اعظم کے طور پر کام کر رہے ہیں۔اگرچہ طالبان حکام نے ملا حسن کی بیماری کے بارے میں کوئی تفصیلات فراہم نہیں کیں تاہم ذرائع نے پہلے کہا تھا کہ وہ دل کے عارضے میں مبتلا ہیں۔
مولوی عبدالکبیر کا تعلق مشرقی صوبہ پکتیکا سے ہے اور کہا جاتا ہے کہ ان کا تعلق زدران قبیلے سے ہے۔ انہوں نے 1996-2001 تک طالبان کی سابق حکومت کے دوران صوبہ ننگرہار کے گورنر کے طور پر خدمات انجام دیں۔کہا جاتا ہے کہ 2001 میں طالبان حکومت کے خاتمے کے بعد وہ پشاور کونسل کے سربراہ کے طور پر کام کرتے رہے۔
مولوی کبیر طالبان گروپ کے ان سینئر ارکان میں سے ایک ہیں جنہوں نے قطر میں طالبان کے امریکا کے ساتھ مذاکرات میں اہم کردار ادا کیا ہے جس کے نتیجے میں امریکا اور طالبان کے درمیان دوحہ معاہدے پر دستخط ہوئے۔اگست 2021 میں طالبان کی اقتدار میں واپسی کے بعد، مولوی کبیر کو ابتدائی طور پر ملا حسن کے اقتصادی نائب کے طور پر اور بعد میں طالبان کے وزیر اعظم کے سیاسی نائب کے طور پر مقرر کیا گیا۔