Urdu News

مودی۔میکرون ملاقات: ہندوستان۔فرانس دفاع اور خلائی میدان میں ایک ساتھ کام کرنے کا لیا عزم

ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی اورفرانسیسی صدر ایمینوئل میکرون

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا دورہ یورپ ختم

پیرس،5 مئی(انڈیا نیرٹیو)

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اپنا تین روزہ دورہ یورپ مکمل کر کے واپس بھارت پہنچ گئے ہیں۔ اس دورے کے آخری دن مودی اور فرانسیسی صدر ایمینوئل میکرون کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دفاع اور خلائی شعبے میں مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

مودی جمعرات کی صبح ہندوستان روانہ ہونے سے پہلے اپنے یورپ کے دورے کے آخری مرحلے میں پیرس پہنچے تھے۔ یہاں فرانسیسی صدر ایمنوئل میکرون اپنی اہلیہ بریجیٹ میکرون کے ساتھ ان کا استقبال کرنے پہنچے تھے۔ صدر میکرون نے گرمجوشی سے وزیر اعظم مودی کو گلے لگایا۔ مودی اور میکرون نے صدر کی رہائش گاہ پر بات چیت کی اور پھر وفود کی سطح پر بات چیت بھی ہوئی۔

مودی نے ہندوستان اور فرانس کے درمیان سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر اس ملاقات کو بہت فائدہ مند قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دو طرفہ اور عالمی امور پر طویل بات چیت کی۔ ہندوستان اور فرانس متعدد شعبوں میں پھیلی ہماری شراکت داری کے ساتھ قابل فخر ترقیاتی شراکت دار ہیں۔ اپنے دورہ فرانس کو مختصر لیکن بہت ہی نتیجہ خیز قرار دیتے ہوئے مودی نے کہا کہ صدر ایمنوئل میکرون اور انہیں مختلف موضوعات پر بات کرنے کا موقع ملا۔ مودی نے میکرون کو جلد از جلد ہندوستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی ہے۔

پی ایم مودی نے پیرس کے اپنے مختصر دورے کے دوران فرانس کے صدر ایمنوئل میکرون کے ساتھ دو طرفہ، علاقائی اور عالمی اہمیت کے کئی مسائل پر وسیع پیمانے پر بات چیت کی۔ انہوں نے ہندوستان-فرانس کی اسٹریٹجک شراکت داری کی موجودہ طاقت اور کامیابی کو بڑھانے کے بارے میں بھی بات کی۔

ہندوستان اور فرانس کے درمیان بات چیت کے دوران ہند-بحرالکاہل اور یوکرین کے بحران پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کے تمام اہم شعبوں بشمول دفاع، خلائی، سول جوہری تعاون اور عوام سے عوام کے تعلقات پر وسیع پیمانے پر بات چیت کی۔ ہندوستان اور فرانس نے تسلیم کیا کہ وہ ایک دوسرے کو ہند-بحرالکاہل خطے میں کلیدی شراکت دار کے طور پر دیکھتے ہیں۔ دونوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ملاقات کا دورانیہ جاری رہنا چاہیے۔ اس ملاقات سے ہند-فرانس دوستی کو مزید تقویت ملے گی۔

اس سے قبل پیرس پہنچنے پر ہندوستانی برادری نے مودی کا شاندار استقبال کیا۔ جس ہوٹل میں مودی ٹھہرے ہوئے تھے اس کے باہر ہندوستانیوں کا ہجوم تھا۔ اس میں بچوں کی بڑی تعداد بھی شامل تھی۔

Recommended