Urdu News

میانمار کی جیل سے 600 سے زائد افراد کو رہا کیا گیا

میانمار کی جیل سے 600 سے زائد افراد کو رہا کیا گیا

نیپیداو ، 24 مارچ (انڈیا نیرٹیو)

میانمار میں حراست میں لیے گئے600 سے زائد افراد کو بدھ کے روز انسین کی جیل سے رہا کر دیا گیا۔ جیل انتظامیہ کے ایک سینئر عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر یہ معلومات دی۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے 360 مرد اور 268 خواتین کو رہا کیا ہے۔

ان قیدیوں کے لیے قانونی لڑائی لڑنے والے وکیل نے بتایا کہ قیدیوں کو 16 بسوں میں بیٹھا کر روانہ کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ کچھ قیدیوں نے انہیں فون بھی کیا۔ انہیں متعلقہ پولیس اسٹیشن بھیج دیا گیا ہے۔ مقامی میڈیا کے ذریعہ شیئر کی گئی تصاویر میں بتایا گیا ہے کہ یہ لوگ بس میں سوار ہیں اور خوش ہوکر سلامی دے رہے ہیں۔ 

کارکنوں نے بدھ کے روز پرامن ہڑتال کی اپیل بھی کی۔ لوگوں نے ینگون اورنیپیداو میں بھی سڑکوں پر اتر کر احتجاج کیا۔ جنوبی شہر میئک میں ، لوگوں نے اپنے ہاتھوں میں گڑیا لیکر مظاہرہ کیاجس میں لکھا تھا کہ وہ جمہوریت کا مطالبہ کرتے ہیں اور سوکی کی اچھی صحت کی خواہش کرتے ہیں۔

مقامی نگراں گروپ نے بتایا ہے کہ منگل کے روز تین افراد کو گولی ماری گئی ۔ ان میں ایک سات سالہ بچی ، کھین میو چیٹ بھی شامل ہے۔ قابل ذکر ہے کہ میانمار میں فوج کے تختہ پلٹ کے بعد سے ہی فوج کے خلاف مسلسل مظاہرے ہورہے ہیں۔ مظاہرین اعلیٰ رہنما آنگ سان سوکی اور دیگر زیر حراست افراد کی رہائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

Recommended