Urdu News

نیپال طیارہ حادثہ:اب تک 68 لاشیں برآمد،کسی کے زندہ بچنے کا امکان نہیں

نیپال طیارہ حادثہ

نیپال میں 16 جنوری کو قومی سوگ کا اعلان

تحقیقات کے لئے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی

ایک مسافر طیارہ نیپال کے پوکھرا میں اترنے سے پہلے اتوار کو پہاڑی سے ٹکرا کر دریا سے متصل وادی میں گر کر تباہ ہو گیا۔ 72 سیٹوں والے طیارے میں 68 مسافر اور عملے کے چار ارکان سوار تھے۔ اب تک 68 لاشیں برآمد کی جا چکی ہیں دیگر کی تلاش جاری ہے۔

نیپال کی حکومت نے 16 جنوری کو قومی سوگ کا اعلان کرتے ہوئے عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ حکومت نے تحقیقات کے لئے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

نیپال کی شہری ہوابازی کے محکمہ نے کہا کہ ایتی ائرلائنس کے 9 این-اے این سی اے ٹی آر -72 طیارے نے کھٹمنڈو کے تریبھون بین الاقوامی ہوائی اڈے سے صبح 10.33 بجے اڑان بھری تھی۔

پوکھرا اس ہمالیائی ملک کا ایک مشہور سیاحتی مقام ہے۔ طیارہ پرانے ہوائی اڈے اور نئے ہوائی اڈے کے درمیان ندی کے کنارے صبح تقریباً 11.10 بجے ہوائی ادے پر لینڈ کرتے ہوئے گر کر تباہ ہو گیا۔

نیپال کی ایئرپورٹ اتھارٹی کے مطابق 72 نشستوں والے اس طیارے میں 68 مسافر اور عملے کے چار ارکان سوار تھے۔مسافروں میں 53 نیپالی، 5 بھارتی، 4 روسی، ایک آئرش، 2 کورین، 1 ارجنٹائن اور دو فرانسیسی شہری شامل تھے۔

ایتی ایئرلائنس کی جانب سے جاری کردہ مسافروں کی فہرست کے مطابق کل 68 مسافروں میں 6 بچے بھی شامل ہیں۔ جائے حادثہ سے اب تک 68 لاشیں برآمد کی جا چکی ہیں۔ تاحال 4 لاشوں کا کوئی سراغ نہیں ملا ہے۔

Recommended