Urdu News

نیپال: شیر بہادر دیوبا آج وزیر اعظم کے عہدے کا حلف لیں گے

نیپالی کانگریس کے صدر شیر بہادر دیوبا

نئی دہلی، 13 جولائی (انڈیا نیرٹیو)

نیپالی کانگریس کے صدر شیر بہادر دیوبا آج نیپال کے وزیر اعظم کی حیثیت سے حلف لیں گے۔ وہ منگل کی شام 5 بجے عہدے اور رازداری کا حلف لیں گے۔ دیوبا، کے پی شرما اولی کی جگہ لینے جارہے ہیں۔

منگل کو چھوٹی کابینہ تشکیل دئے جانے کے اشارے مل رہے ہیں۔ حکومت کی  تشکیل سے متعلق اپوزیشن اتحاد کے ایک اہم اجلاس میں اس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیپالی کانگریس کے علاوہ اس اتحاد میں سی پی این (ماؤ نواز مرکز)، سی پی این-یو ایم ایل مادھو کمار نیپال-جھلاتھ کھنال دھڑا، جنتا سماج وادی پارٹی کا اپیندر یادو دھڑا اور راشٹریہ جن مورچہ شامل ہیں۔

اس سے قبل پیر کو، نیپال کی سپریم کورٹ نے پارلیمنٹ کے تحلیل شدہ ایوان زیریں کو بحال کرتے ہوئے نیپالی کانگریس کے صدر شیر بہادر دیوبا کو وزیر اعظم کے طور پر دو دن کے اندرحلف کا حکم جاری کیا تھا۔ ایوان نمائندگان کو پانچ ماہ میں دوسری بار بحال کیا گیا ہے۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ حزب اختلاف کی جماعتوں کے اکثریت حاصل نہ کرنے کے بعد صدر بیدیا دیوی بھنڈاری نے ایک بار پھر کے پی شرما اولی کو نگراں وزیر اعظم بنا دیا تھا۔ سپریم کورٹ نے پیر کو دیئے گئے فیصلے کو الٹ دیا جس سے کے پی شرما اولی کو بڑا دھچکا لگا۔

پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے سے متعلق درخواستوں کی سماعت کے دوران اولی کے وکلا نے دلائل دیئے کہ سپریم کورٹ شیر بہادر دیوبا کو وزیر اعظم بنانے کا حکم جاری نہیں کرسکتی ہے۔ اس کو مسترد کرتے ہوئے عدالت نے شیر بہادر دیوبا کی نئی حکومت کے قیام کا راستہ صاف کردیا۔

Recommended