ٹوکیو/نئی دہلی، 11 مئی ( انڈیا نیرٹیو)
مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن جی-7 میٹنگ میں شرکت کے لیے دو روزہ سرکاری دورے پر صبح جاپان پہنچیں۔ جاپان اور مارشل آئی لینڈ میں ہندوستانی سفیر سبی جارج نے ٹوکیو کے ہنیڈا ہوائی اڈے پر نرملا سیتا رمن کا استقبال کیا۔
وزارت خزانہ نے جمعرات کو ٹویٹ کیا کہ سیتا رمن دو روزہ سرکاری دورے پر ہیں۔ وزیر خزانہ جاپان کے نیگاتا میں منعقد ہونے والے جی-7 گروپ آف فائنانس منسٹرز اور مرکزی بینک کے گورنرز کے اجلاس میں شرکت کریں گی۔ وزارت کے مطابق اس اجلاس میں بھارت کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
وزارت کے مطابق اپنے دورہ جاپان کے دوران سیتا رمن دیگر ممالک کے وزرائے خزانہ کے ساتھ دو طرفہ اور کثیر جہتی میٹنگوں میں حصہ لیں گی۔
اس کے ساتھ وہ تاجروں اور سرمایہ کاروں کی گول میز میٹنگ میں بھی شرکت کریں گی۔ اس دوران سیتا رمن ٹوکیو میں سرمایہ کاروں اور صنعت کے لوگوں سے بھی خطاب کریں گی۔اس کے علاوہ، وہ وزرائے خزانہ اور مرکزی بینک کے گورنرز (ایف ایم سی بی جی) میٹنگ میں ‘بہبود کے لیے اقتصادی پالیسی’ پر ایک سمپوزیم سے خطاب کریں گی۔
قابل ذکر ہے کہ جی-7 دنیا کے 7 بڑے صنعتی ممالک کینیڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان، برطانیہ اور امریکہ کا پلیٹ فارم ہے۔