Urdu News

مہذب قوم جمہوریت میں فوجی عدالتوں کی متحمل نہیں ہو سکتی: الطاف حسین

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے قائد الطاف حسین

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ایک مہذب قوم جمہوریت میں فوجی عدالتوں کی متحمل نہیں ہوسکتی۔ ان کا یہ بیان سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد سامنے آیا ہے۔

پاکستان میں موجودہ صورت حال کو “غیر اعلانیہ بغاوت” قرار دیتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما نے کہا کہ پاکستانی مین اسٹریم میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے تعلق رکھنے والے سیاسی رہنماؤں، عہدیداروں، کارکنوں اور حامیوں کے خلاف   فوجی عدالتوں میں مقدمہ چلایا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر یہ خبر سچ ہے تو یہ حیران کن خبر ہے۔ “یہ پاکستانی فوج ہے جس نے ملک پر 50 سال براہ راست حکومت کی ہے اور باقی 25 سال کی سویلین حکمرانی ایک ڈمی شو تھا کیونکہ فوج نے پیچھے سے ملک پر حکومت کی۔ بغاوت کارپوریٹ ملٹری کا مشغلہ ہے۔

سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کو فوجی عدالتوں میں ٹرائل کرنا سراسر حماقت ہے جب کہ ملک میں عدالتی نظام اگرچہ کافی کمزور ہے، کام کر رہا ہے۔ یہ کوئی عجب نہیں کہ موجودہ کٹھ پتلی سول وفاقی اور صوبائی حکومتیں اس فوجی مہم جوئی پر خاموش ہوں۔انہوں نے مزید کہا،”اس نام نہاد فوجی کٹھ پتلی سول وفاقی حکومت”کو طاقت کی بھوکی فوجی اسٹیبلشمنٹ کو کور نہیں دینا چاہیے۔

اوراگر وہ فوجی عدالتوں میں عام شہریوں کے مقدمے کی مذمت نہیں کر سکتی تو اسے مستعفی ہو جانا چاہیے۔ کوئی بھی مہذب قوم جمہوریت میں فوجی عدالتوں کی متحمل نہیں ہو سکتی۔9 مئی کو، عمران خان کو رینجرز اہلکاروں نے اسلام آباد ہائی کورٹ  سے گرفتار کیا۔پی ٹی آئی کے چیئرمین کو القادر ٹرسٹ کیس میں نیب کی تحقیقات کے ایک حصے کے طور پر گرفتار کیا گیا تھا۔

Recommended