Urdu News

بھارت اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز:وزیر اعظم مودی

مودی اور شیخ حسینہ نے ہندوستان-بنگلہ دیش دوستی پائپ لائن کا افتتاح کیا

وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندوستان-بنگلہ دیش دوستی پائپ لائن (آئی بی ایف پی ایل) کو دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز قرار دیا اور کہا کہ اس پائپ لائن کے ذریعے ہر سال دس لاکھ ٹن ڈیزل شمالی بنگلہ دیش کو فراہم کیا جائے گا۔

وزیر اعظم نریندر مودی اور بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ نے ہفتہ کو ویڈیو کانفرنس کے ذریعے انڈیا-بنگلہ دیش دوستی پائپ لائن کا افتتاح کیا۔ یہ بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلی سرحد پار سے توانائی کی پائپ لائن ہے، جس پر 377 کروڑ روپے کی لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جس میں سے تقریباً 285 کروڑ روپے کی لاگت والی پائپ لائن کے بنگلہ دیش کے حصے کو حکومت ہند نے گرانٹ ان ایڈ کے تحت فنڈ فراہم کیا ہے۔

پائپ لائن میں سالانہ 1 ملین میٹرک ٹن ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی نقل و حمل کی گنجائش ہے۔ یہ ابتدائی طور پر شمالی بنگلہ دیش کے سات اضلاع کو ہائی اسپیڈ ڈیزل فراہم کرے گا۔

اس موقع پر وزیر اعظم مودی نے کہا کہ آج ہندوستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز ہوا ہے۔ ہم نے ستمبر 2018 میں ہندوستان-بنگلہ دیش دوستی پائپ لائن کا سنگ بنیاد رکھا۔ کووڈ کے باوجود اس پروجیکٹ پر کام جاری رہا اور مجھے خوشی ہے کہ آج وزیر اعظم شیخ حسینہ کے ساتھ اس کا افتتاح کرنے کا موقع ملا ہے۔

اسے ایک خوش آئند اتفاق بتاتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ آج کا افتتاح بنگ بندھو شیخ مجیب الرحمن کی یوم پیدائش کے ایک دن بعد ہو رہا ہے۔ بنگ بندھو کے ‘سونار بنگلہ’ ویڑن میں پورے خطے کی ہم آہنگی سے ترقی اور خوشحالی شامل تھی۔ یہ مشترکہ منصوبہ ان کے وڑن کی بہترین مثال ہے۔

Recommended