Urdu News

مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں 3047 مساجد اور عید گاہیں نمازعید کے لیے مختص

خانۂ کعبہ کا دل فریب منظر

ریاض،27جون (انڈیا نیرٹیو)

 مقدس شہروں مکہ اور مدینہ میں عید الاضحیٰ کی نماز کے اجتماعات کے لیے 3 ہزار سے زائد مساجد اور عید گاہیں مختص کی گئی ہیں۔سعودی میڈیا کے مطابق کل بروز بدھ عید الاضحیٰ منائی جائے گی جب کہ عید کی نماز طلوع آفتاب کے ایک چوتھائی گھنٹے بعد ادا کی جائے گی۔

جس کے لیے مذہبی امور اور دعوت و ارشاد کی وزارت نے مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ میں 3047 مساجد اور عیدگاہوں کومختص کیا ہے۔ عید کی نماز کے لیے خواتین کے لیے بھی جگہیں مختص کی گئی ہیں۔

وزارت مذہبی امور کے عہدیدار ڈاکٹر سالم بن حاج الخامری نے بتایا کہ مکہ معظمہ میں 2 ہزار 553 جب کہ مدینہ منورہ میں 494 عید گاہیں اور مساجد کو مختص کیا گیا ہے۔وزارت مذہبی امور کے مطابق عید کے لیے مختص مساجد اور عید گاہوں کی دیکھ بھال کا ضروری کام مکمل ہو چکا ہے۔ چٹائیاں اور قالینیں، تمام ضروری آڈیو اور تکنیکی آلات فراہم کر دیے گئے ہیں۔

 دوسری جانب آج یوم عرفات کے موقع پر خطبہ حج میں ڈاکٹر یوسف بن محمد نے امت مسلمہ میں اتحاد و اتفاق کی ضرورت پر زور دیا۔ شرک بدعات سے بچنے کی تلقین کی، حقوق اللہ اور حقوق العباد کی ادائیگی پر زور دیا۔

Recommended