Urdu News

پاکستان:پشاورمسجددھماکےمیں اب تک 93 افرادجاں بحق،ٹی ٹی پی دھماکےمیں شامل

پشاورمسجددھماکےمیں اب تک 93 افرادجاں بحق،ٹی ٹی پی دھماکےمیں شامل

پاکستان میں پشاور کی مسجد میں ہونے والے دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 93 ہو گئی ہے۔ اس حملے کی ذمہ داری دہشت گرد تنظیم تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) نے قبول کی ہے۔

پاکستان کے شورش زدہ صوبہ خیبرپختونخواہ کے شہر پشاور کے پولیس لائنز ایریا میں پیر کی دوپہر 1 بج کر 40 منٹ پر ایک خودکش بمبار نے نماز کے فوراً بعد خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

 اس دھماکے کی آواز دو کلومیٹر دور تک سنی گئی۔ پشاور پولیس لائنز میں موجود لوگوں کے مطابق دھماکے کے بعد آسمان پر گردو غبار اور دھوئیں کے بادل چھا گئے۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق خودکش حملہ آور مسجد میں نماز کے دوران اگلی صف میں موجود تھا۔ نماز پڑھنے کے بعد اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ واقعے کے بعد چاروں طرف لاشیں پڑی نظر آئیں۔

تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ ٹی ٹی پی کے مقتول کمانڈر عمر خالد خراسانی کے بھائی نے دعویٰ کیا کہ یہ خودکش حملہ ان کے بھائی کی موت کا بدلہ لینے کے لیے کیا گیا، جو گزشتہ سال اگست میں افغانستان میں مارا گیا تھا۔

ٹی ٹی پی، جسے پاکستانی طالبان بھی کہا جاتا ہے، ماضی میں پاکستان میں سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بناتے ہوئے کئی خودکش حملے کرچکا ہے۔

پشاور کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (انوسٹی گیشن) شہزاد کوکب نے میڈیا کو بتایا کہ وہ ابھی نماز پڑھنے مسجد میں داخل ہوئے ہی تھے کہ دھماکہ ہوا۔ وہ خوش قسمت تھے کہ اس حملے میں بچ گئے۔

 کوکب کا دفتر مسجد کے قریب ہے۔ تمام حفاظتی حصار کو توڑتے ہوئے حملہ آور مسجد میں داخل ہونے میں کامیاب ہو گیا اور فرنٹ لائن تک پہنچ گیا۔

Recommended