لاہور، 27 ستمبر (انڈیا نیرٹیو)
پاکستان کی سیاست میں مسلسل ہلچل جاری ہے۔ تازہ ترین واقعہ میں پیر کو سابق وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) کی رہنما مریم نواز پر ان کے قتل کی سازش کا الزام لگایا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ مریم نواز فرقہ واریت اور مذہبی منافرت پھیلانے اور مذہبی جنونیوں کے ذریعے قتل کروانے کے لیے ان کے خلاف سازش کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کوشش کر رہی ہیں کہ الیکشن کمیشن ا?ف پاکستان (ای سی پی) انہیں توشہ خانہ معاملے میں نااہل قرار دے دے۔ یہ معاملہ اپنی جائیداد کے اعلان کے دوران ملنے والے تحائف کی تفصیلات ظاہر نہ کرنے سے متعلق ہے۔
69 سالہ عمران خان نے تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر میرے خلاف فرقہ واریت اور مذہبی منافرت کا پروپیگنڈہ کیا تاکہ کوئی مذہبی جنونی مشتعل ہوجائے اور میرا قتل کر دے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ میں موت سے نہیں ڈرتا کیونکہ اس کا فیصلہ اللہ کرتا ہے، کوئی اور نہیں۔ لاہور سے تقریباً 400 کلومیٹر دور رحیم یار خان میں گزشتہ ہفتے کو ہوئی ایک ریلی میں بھی پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین نے بھی ان کے قتل کی سازش کرنے کی بات کہی تھی۔ انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ چاروں لوگوں نے مجھے قتل کرنے کا فیصلہ بند دروازوں کے پیچھے کیا تھا۔