پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات کم ہونے کا نام نہیں لے رہے ہیں۔ اب جمعرات کی صبح پشاور سے کوئٹہ جانے والی ٹرین میں زور دار دھماکے نے دو افراد کی جان لے لی۔ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے چار کی حالت تشویشناک ہے۔
تفصیلات کے مطابق جمعرات کی صبح پشاور سے بلوچستان کے شہر کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس میں زوردار دھماکہ ہوا۔ جس وقت دھماکا ہوا جعفر ایکسپریس چیچہ وانی ریلوے اسٹیشن سے گزر رہی تھی۔ جعفر ایکسپریس کی اکانومی کلاس کی چھ نمبر بوگی میں اچانک دھماکا ہوا۔ اسٹیشن پر ہونے کی وجہ سے ٹرین کی رفتار سست تھی اس لیے ٹرین پٹری سے اتر گئی تاہم جان و مال کا نقصان نسبتاً کم ہوا ہے۔ حادثے میں دو افراد موقع پر ہی جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جن میں سے چار کی حالت تشویشناک ہے۔ جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
پاکستان کا خطہ بلوچستان بدستور شورش کا شکار ہے۔ وہیں بلوچستان کے باشندے پاکستانی فوج اور حکومت پر ہراساں کرنے کا الزام لگاتے رہتے ہیں۔ جبر کے خلاف آواز اٹھانے والی بلوچ لبریشن آرمی کو بھی دہشت گردی کے واقعات کے الزامات کا سامنا ہے۔ جعفر ایکسپریس میں جمعرات کو ہونے والے دھماکے کی وجوہات کا ابھی پتہ نہیں چل سکا ہے تاہم اس کا تعلق بلوچ لبریشن آرمی سے بتایا جا رہا ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ماہ بھی جعفر ایکسپریس میں ایسا ہی دھماکہ ہوا تھا۔ تب دھماکے سے ٹرین کی دو بوگیاں پٹری سے اتر گئیں اور آٹھ افراد زخمی ہو گئے تھے۔