Urdu News

پاکستان: پشاور کی مسجد میں بم دھماکہ، 25 جاں بحق، 100 سے زائد زخمی

پشاور کی مسجد میں بم دھماکہ

پشاور کی مسجد میں خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ دھماکے میں اب تک 25 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ سو سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقے پولیس لائنز میں واقع مسجد میں دوپہر 1 بج کر 40 منٹ پر خودکش حملہ آور نے نماز کے فوراً بعد خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ دھماکے کی آواز دو کلومیٹر دور تک سنی گئی۔

پشاور پولیس لائنز میں موجود لوگوں کے مطابق دھماکے کے بعد آسمان پر گردو غبار اور دھوئیں کے بادل چھا گئے۔ سیکیورٹی حکام کے مطابق خودکش حملہ آور مسجد میں نماز کے دوران اگلی صف میں موجود تھا۔ نماز پڑھنے کے بعد اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ واقعے کے بعد بڑی تعداد میں لاشیں پڑی ہوئی دیکھی گئیں۔

موقع پر پہنچی پولیس کے مطابق 25 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ 100 سے زائد زخمیوں کو پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ زخمیوں میں سے 13 کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ ایسے میں مرنے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ علاقے کو سیل کرکے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

واقعے کے حوالے سے سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کا بیان سامنے آیا ہے۔ انہوں نے اس واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف انٹیلی جنس کو مضبوط کرنے اور پولیس فورس کو مزید آلات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

Recommended