Urdu News

پاکستانی حکومت کا عمران خان کے لانگ مارچ کوروکنے کا فیصلہ، فوج کو طلب

پاکستانی حکومت کا عمران خان کے لانگ مارچ کوروکنے کا فیصلہ

اسلام آباد،24مئی (انڈیا نیرٹیو)

پاکستان میں جاری سیاسی بحران کے درمیان پاکستان کے اپوزیشن رہنما اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ذریعہ 25مارچ کو مجوزہ اسلام آباد لانگ مارچ کو پاکستان کی شہباز شریف حکومت نے روکنے کا فیصلہ کرلیاہے۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سیاسی کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہر غیرقانونی کام کا راستہ روکا جائے گا۔

پاکستان کی وزارت داخلہ نے پاکستان کے اپوزیشن لیڈر اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے25مارچ کو اسلام آباد مارچ کو روکنے کے لیے فوج کو طلب کر لیا، وزیر اعظم ہاؤس، وزیر اعظم آفس، ایوان صدر، سپریم کورٹ پر فوج تعینات ہوگی۔ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں ریڈ زون کی تمام سیکورٹی فوج کے حوالے کی جائے گی۔ریڈ زون میں قائم تمام حساس سرکاری عمارتوں پر فوج تعینات ہوگی۔میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دارالحکومت میں 2 ماہ کے لئے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے جبکہ اس کا دائرہ ریڈ زون کے ایک کلو میٹر تک بڑھا دیا گیا ہے۔

اجلاس میں وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے امن و امان کی صورتحال اور اقدامات پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں احسن اقبال، مریم اورنگزیب، خرم دستگیر، اعظم نذیر تارڑ اور ریاض پیرزادہ شریک ہوئے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ امن وامان میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ مفاد عامہ کیلئے تمام راستے کھلے رکھیں گے، کسی قسم کے تشدد یا اشتعال انگیزی پر قانون حرکت میں آئے گا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ دھرنے سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلوں پر من وعن عملدرآمد ہوگا۔وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ایسے ہتھکنڈے معیشت کو تباہ کرنے کے مترادف ہیں، ایسے دھرنوں سے معیشت خراب اور دیہاڑی دار مزدور متاثر ہوگا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ کو نہ روکنے کا فیصلہ کیا تھا۔ذرائع کے مطابق حکومت اور اتحادیوں کے درمیان قانونی حدود میں رہتے ہوئے لانگ مارچ کی اجازت دینے پر اتفاق ہوا تھا۔ذرائع کا بتانا تھاکہ آصف علی زرداری نے اتحادیوں سے رابطے کر کے اتفاق رائے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ پی ٹی آئی کے مارچ کو سری نگر ہائی وے تک محدود کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا تھا، تحریک انصاف سری نگر ہائی وے پر پرامن مارچ کرے گی تو رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی، اس سے آگے آنے کی صورت میں قانونی راستہ اپنایا جائے گا۔واضح رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے 25 مئی کو اسلام آباد آزادی مارچ کا اعلان کیا ہے۔

Recommended