Urdu News

پاکستان نے ایک بارپھرمسئلہ کشمیر پرعالمی برادری سے مداخلت کا کیا مطالبہ

پاکستان کے وزیر اعظم میاں شہباز شریف

اسلام آباد، 19 اگست (انڈیا نیرٹیو)

پاکستان کا اقتدار چاہے جس لیڈر کے پاس ہو، مسئلہ کشمیر پر اس کا رویہ نہیں بدلتا۔ اب چند ماہ قبل وزیراعظم بننے والے شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان، بھارت کے ساتھ پرامن تعلقات چاہتا ہے۔ یہی نہیں وہ مسئلہ کشمیر کا حل بھی چاہتا ہے لیکن وہ چاہتا ہے کہ عالمی برادری مداخلت کرے۔

شریف نے یہ بات جمعرات کو پاکستان میں نئے تعینات ہونے والے آسٹریلیائی ہائی کمشنر نیل ہاکنس سے ملاقات کے دوران کہی۔شریف نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ مساوات، انصاف اور باہمی احترام کے اصولوں پر مبنی پرامن تعلقات چاہتا ہے۔ اس تناظر میں جموں و کشمیر کے تنازعہ کا اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق منصفانہ اور پرامن حل ضروری ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو اس حوالے سے مناسب کردار ادا کرنا ہوگا، کیونکہ یہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن اور استحکام کے لیے ضروری ہے۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے آسٹریلیائی ہائی کمشنر نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا اور افغانستان سے اپنے شہریوں اور دیگر افراد کے محفوظ انخلا  میں پاکستان کے معاون کردار پر شکریہ ادا کیا۔

Recommended