Urdu News

پاکستان: لاہور اور اسلام آباد میں پولیس کے کریک ڈاؤن میں پی ٹی آئی کے متعدد رہنما گرفتار

لاہور اور اسلام آباد میں پولیس کے کریک ڈاؤن میں پی ٹی آئی کے متعدد رہنما گرفتار

اسلام آباد؍لاہور،20 ؍ مارچ

اتوار کی رات گئے اسلام آباد اور لاہور میں پولیس کے کریک ڈاؤن کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے متعدد رہنماؤں کو گرفتار کر لیا گیا۔اسلام آباد اور لاہور پولیس نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے گھروں اور ڈیروں پر چھاپے مارے۔

اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف  کے سینیٹر شبلی فراز کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا۔ کیپٹل پولیس نے اسلام آباد کے پربت روڈ کے قریب پی ٹی آئی کے سینیٹر شبلی فراز کے گھر پر چھاپہ مارا اور تلاشی لی جب وہ دارالحکومت میں نہیں تھے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سینیٹر شبلی فراز کے گھر پر پولیس کے چھاپے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کا نوٹس لے لیا۔ انہوں نے پولیس حکام کو گھر کا تقدس پامال کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کی۔

کیپٹل پولیس نے جی 6 اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنما انجم تنولی کے گھر پر چھاپہ مارا۔ اہل خانہ کے مطابق پولیس اہلکار تنولی کے 10 سالہ بھتیجے کو اپنے ساتھ لے گئے۔ تاہم بعد میں لڑکے کو پولیس کی حراست سے رہا کر دیا گیا۔اسلام آباد کے سیکٹر جی 7 میں پولیس نے پی ٹی آئی رہنما نعمان گجر کے والد کو گرفتار کر لیا۔

علاوہ ازیں پولیس نے پی ٹی آئی کے کارکن راجہ شاہد کو بھی ان کی دکان پر چھاپے کے دوران گرفتار کر لیا۔ پی ٹی آئی رہنما لیاقت طوری کو پھولگراں کے علاقے سے گرفتار کیا گیا۔اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے راجہ خرم نواز اور علی محمد خان کے گھروں پر بھی چھاپے مارے گئے۔

Recommended