صوبہ خیبرپختونخوا میں سیلاب کے سبب 3 افراد جاں بحق، سیکڑوں افراد بے گھر
پاکستان میں سیلاب اب قہر بن کر ٹوٹ پڑا ہے ۔ لاہور میں نو گھنٹے میں 272 ملی میٹر بارش سے پورا شہر پانی پانی ہو گیا۔صوبہ خیبرپختونخوا میں سیلاب سے تین افراد جاں بحق اور سینکڑوں بے گھر ہو گئے۔
پاکستان میں مسلسل بارش کی وجہ سے سیلاب مصیبت بن گیا ہے۔ لاہور میں بدھ کو ہونے والی بارش نے گزشتہ تین دہائیوں کا ریکارڈ توڑ دیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے کہ لاہور میں صرف 9 گھنٹے میں 272 ملی میٹر بارش سے شہر میں سیلاب آگیا جب کہ شدید بارش کے بعد نہر وں میں طغیانی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی کابینہ اور انتظامیہ کے تمام ارکان پانی صاف کرنے کے لیے میدان میں ہیں۔ وہ ذاتی طور پر علاقے کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور لاہور بھر سے بار بار اپ ڈیٹس لے رہے ہیں۔
لاہور کے پانی اور صفائی کے ادارے کے مطابق شہر کے علاقے لکشمی چوک میں 259 ملی میٹر، نشتر ٹاؤن میں 258 ملی میٹر، گلشن راوی میں 251 ملی میٹر، جوہر ٹاؤن میں 250 ملی میٹر، قرطبہ چوک میں 241 ملی میٹر، تاج پورہ میں 238 ملی میٹر، پانا والا تالاب میں 222 ملی میٹر اور اقبال ٹاون میں 221 ملی میٹر بارش ہوئی۔
صبح سے شروع ہوئی بارش سے شہر میں کہرام مچ گیا کیونکہ تمام اہم سڑکیں اور لنک روڈ پانی میں ڈوب گئے جس سے نقل و حرکت ناممکن ہو گئی۔ گھٹنوں تک پانی بھر جانے سے سڑکوں پر کئی گاڑیاں خراب ہوگئیں۔ شاہ جمال اور تاج پورہ کے نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا جس کی وجہ سے بجلی کی سپلائی بند ہونے سے نظام زندگی مزید مفلوج ہوکر رہ گیا۔