Urdu News

پاکستان: سندھ میں پانی کی قلت خطرناک حد تک پہنچ گئی: شرجیل میمن

سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن

کراچی،23؍مئی

صوبےمیں پانی کی کمی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے، سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے اتوار کے روز کہا کہ سندھ کے بیراجوں میں پانی کی قلت تشویشناک حد تک بڑھ گئی ہے۔ایک بیان میں، انہوں نے کہا کہ کوٹری بیراج کو 72 فیصد پانی کی کمی کا سامنا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ آبپاشی اور پینے کے پانی کے بحران کے درمیان اب صنعتوں کو پانی کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) 1991 کے واٹر ایکارڈ پر عمل درآمد کرنے میں ناکام رہی ہے اور مزید کہا کہ ارسا کئی سالوں سے صوبوں کے درمیان پانی کی تقسیم کے تین درجاتی فارمولے پر عمل پیرا ہے جو کہ غیر قانونی اور اس کے مینڈیٹ کے خلاف تھا۔مسٹر میمن نے کہا کہ تین درجاتی فارمولے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔ "اسے مئی 1994 میں وزارتی کمیٹی کے اجلاس میں متعارف کرایا گیا تھا، لیکن بعد میں سندھ کے احتجاج کی وجہ سے پاکستان کے چیف ایگزیکٹو اور وزارت پانی و بجلی نے 23 اکتوبر 2000 کو اسے کالعدم قرار دے دیا تھا"۔

 وفاقی وزیر نے کہا کہ اس وقت وفاق کی اکائیوں میں پانی کی تقسیم اسی تین درجاتی فارمولے کے تحت ہو رہی ہے جو کہ سندھ کے ساتھ ناانصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان کو پانی کی کمی کی تقسیم سے مستثنیٰ ہے۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پانی کی کمی کا سارا بوجھ صرف سندھ کو برداشت کرنا پڑتا ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب نے پانی کی قلت کے دوران اپنے حصے سے زیادہ پانی لیا جو ارسا کی اپنی رپورٹس سے ظاہر ہوتا ہے۔انہوں نے سیلابی نالوں کو فوری بند کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ کسان، خواتین، بزرگ شہری اور بچے اس صورت حال کے خلاف کشمور سے کینجھر تک سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔

Recommended