کویت،27اکتوبر(انڈیا نیرٹیو)
اسرائیلی قابض فوج کی طرف سے فلسطینیوں کے خلاف مسلسل جارحانہ کارروائیوں کی کویت نے مذمت کی ہے۔ کویت کی وزارت خارجہ نے یہ مذمتی بیان گذشتہ روز جاری کیا ہے۔
مذمتی بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی قابض فوج فلسطینیوں کے خلاف مختلف فلسطینی شہروں میں مسلسل جارحیت کا ارتکاب کر رہی ہے بشمول نابلس، رام اللہ کو جارحیت کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
اسرائیلی جارحیت کی وجہ سے حالیہ دنوں میں متعدد افراد شہید اور زخمی ہو گئے ہیں۔ کویت کی طرف سے اسرائیلی جارحیت کے ان واقعات کے بارے میں کہا گیا ہے کہ اس جارحیت کے مضمرات بہت سنگین ہوں گے۔کویت کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق اسرائیلی قاض اتھارٹی کی ان کارروائیوں سے خطے کی سلامتی اور استحکام کو خطرہ ہو گا۔
کویت کی طرف سے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ‘فلسطینی عوام کو فوری تحفظ دلانے اور امن عمل بحال کرنے کے لیے کوششیں شروع کی جائیں۔ تاکہ تنازعے کے حل کی طرف پیش قدمی ہو سکے اور ایک ایسی آزاد فلسطینی ریاست کا قیام عمل میں لایا جاسکے جس کا دارالحکومت مشرقی یروشلم ہو۔