مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے فائرنگ کرکے ایک فلسطینی کو شہید کردیا۔ دوسری طرف اسرائیلی پولیس نے کہا ہے کہ القدس میں لوگوں کے ہجوم پر گاڑی چڑھانے کے ایک واقعہ میں 5 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
مشتبہ کار ڈرائیور کو فوری طور پر بے اثر کردیا گیا۔اسرائیلی ایمبولینس سروس نے بتایا کہ زخمی ہونے والے پانچ افراد کا علاج کیا جارہا ہے جن میں ایک 70 سالہ شخص بھی شامل ہے۔ وہ بے ہوش ہے اور اس کی حالت تشویشناک ہے۔ زخمیوں میں ایک 30 سالہ خاتون اور تین دیگر مرد بھی شامل ہیں۔
مقامی ٹیلی ویڑن چینلز نے فوٹیج دکھائی جس میں یروشلم کے ایک پرہجوم بازار کے قریب جائے وقوعہ پر پولیس کی بھاری موجودگی دکھائی گئی۔ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاھو نے اسرائیلی شہریوں کو گاڑی تلے روندنے کے واقعہ کو دہشتگردانہ حملہ قرار دے دیا۔
فلسطینی وزارت صحت نے پیر کے روز مغربی کنارے میں اریحان کے قریب عقبات جابر کیمپ میں 20 سالہ فلسطینی نوجوان سلیمان عیاش کی شہادت کا اعلان کیا۔
اسرائیلی فوج نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس کی فورسز نے ایک فوجی آپریشن کے دوران ایک “مطلوب” شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔بیان کے مطابق “آپریشن کے دوران دو مشتبہ افراد کو جائے وقوعہ سے فرار ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔
فوجیوں نے فائرنگ کی۔ اریحا کے گورنر جہاد ابو عسل نے فرانسیسی پریس ایجنسی کو بتایا ہے کہ اسرائیلی فوج ابو عیاش کی لاش اپنے پاس ہی رکھ لی ہے۔ خیال رہے اسرائیل عام طور پر شہید ہونے والے فلسطینیوں کی لاشیں روک لیتا ہے اور انہیں ان کے اہل خانہ کے حوالے نہیں کرتا۔